انوشکا اداکارہ نہیں ماڈل بننا چاہتی تھیں

انوشکا شرما نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رب نے بنادی جوڑی سے اپنے کریئر کی ابتدا کی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنانوشکا شرما نے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رب نے بنادی جوڑی سے اپنے کریئر کی ابتدا کی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما نے گذشتہ روز یکم مئی کو اپنی سالگرہ منائی جس میں بالی وڈ کی معروف شخصیات یکجا تھیں۔

انھوں نے یش راج فلمز سے اپنے کریئر کا آغاز کیا لیکن وہ اداکارہ کے بجائے ماڈل بننا چاہتی تھیں۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/05/150502_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

اس سے قبل بی بی سی کے ساتھ ایک گفتگو میں انھوں نے اپنے کریئر کے بارے میں بتایا: ’میں یکایک فلموں میں چلی آئی، میں نےکبھی اس کے لیے کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا۔‘

انھوں نے اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’اب جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو میرے خیال سے میرا سفر بہت ہی خوبصورت رہا ہے۔ میں جو کرنا چاہتی تھی وہ میں کر پائی اور میں اس میں بہت کامیاب بھی رہی۔‘

فلم پی کے اور این ایچ 10 کے بعد اب ان کی آنے والی فلم بامبے ویلوٹ ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنفلم پی کے اور این ایچ 10 کے بعد اب ان کی آنے والی فلم بامبے ویلوٹ ہے

انوشکا کا فلمی آغاز بالی وڈ کے معروف ترین اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے ہوا لیکن اس کے بعد ان کو بہت زیادہ کامیابی نہیں ملی۔

ان کی اداکاری کو ’بینڈ باجا بارات‘ سے سراہا گیا۔ وہ کہتی ہیں: ’مجھے اس فلم پر ناز ہے کیونکہ پہلی بار مجھے نوٹس کیا گیا۔ ایک ایسی فلم میں جس میں اداکار بھی نیا تھا اور ہدایت کار کی بھی وہ پہلی فلم تھی۔ تب یہ ہوا کہ لوگ آپ کو آپ کی صلاحیت پر پسند کرتے ہیں اور اس کا احساس مختلف ہوتا ہے۔‘

پھر انوشکا کی فلم ’لیڈیز ورسز رکی بہل‘ آئی اور گذشتہ دنوں فلم ’پی کے‘ اور ’این ایچ 10‘ نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا ہے۔

کمل ہاسن کی فلم اتتم ولین کی ریلیز میں تاخیر

جنوبی ہند کے معروف اداکار کمل ہاسن جو فلموں میں اپنی جدت پسندی کے لیے معروف ہیں ان کی فلم ’اتتم ولین‘ گذشتہ روز جمعے کو ریلیز نہ ہوسکی۔

ان کے زبردست مداحوں نے فلم ریلیز نہ ہونے پر برانگیختہ نظر آئے اور انھوں نے چینئی میں سڑکیں روک دیں اور نعرے بازی کی۔

کمل ہاسن کے ساتھ کے بالا چندرن نظر آ رہے ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں رہے

،تصویر کا ذریعہKAVITHALAYAA

،تصویر کا کیپشنکمل ہاسن کے ساتھ کے بالا چندرن نظر آ رہے ہیں جو اب اس دنیا میں نہیں رہے

کمل ہاسن کی فلم ’اتتم ولین‘ تمل فلموں کے سپر سٹار منورجن کے کردار پر مبنی ہے جو اپنے ماضی سے حال کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔

خیال رہے کہ اس فلم پر ہندو سخت گیر تنظیم نے وی ایچ پی نے پابندی عائد کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا کیونکہ بقول ان کے اس میں ہندو دیوتا وشنو کی قابل اعتراض پیشکش کی گئی تھی لیکن ہائی کورٹ نے اس پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق یہ فلم مالی وجوہات کی بنا پر جمعے کو ریلیز نہ ہو سکی تاہم وہ سنیچر کو ریلیز کی جا رہی ہے۔

ایک عرصے بعد کمل ہاسن کے مداح ان کو ایک منفرد کردار ادا کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

اس فلم کی ہدایت اداکار رمیش اروند نے کی ہے اور اس میں دادا صاحب پھالکے انعام سے سرفراز کے بالا چندرہن کے علاوہ پوجا کمار، اروشی اور دیگر اداکار ہیں۔

سلمان کی حمایت میں بالی وڈ

سلمان خان کے خلاف ان دنوں دو پرانے مقدمات زیر سماعت ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کے خلاف ان دنوں دو پرانے مقدمات زیر سماعت ہیں

سلمان خان کے خلاف کئی مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ’کالے ہرن کے شکار‘ کے معاملے میں جودھ پور عدالت کی سماعت آئندہ کے لیے ملتوی ہو گئی ہے جبکہ ’ہٹ اینڈ رن‘ کے ایک دوسرے مقدمے میں فیصلہ چھ مئی کو آنا ہے۔

سلمان خان بالی وڈ میں ہر دل عزیز تصور کیے جاتے ہیں اور ان کے دوست ان کی حمایت میں کھل کر سامنے آئے ہیں۔

معروف اداکار انوپم کھیر جو ان کے ساتھ ’پریم رتن دھن پایو‘ فلم میں ہیں انھوں نے کہا: ’سلمان حیرت انگیز شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ بہت انسان دوست اور شاندر انسان ہیں۔ میں ان کے لیے خدا سے دعاگو ہوں کہ سب کچھ بخیرو خوبی انجام پائے۔‘

اداکارہ سوہا علی خان نے کہا: ’سلمان ہمیشہ ہماری فیملی سے قریب رہے ہیں اور ہمیشہ ہماری مدد کی ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ ان کے لیے سب بہتر ہو اور انھیں ہمیشہ ہماری حمایت حاصل ہے۔‘

سوہا کے شوہر کھیمو نے کہا کہ ’عدالت کے فیصلے پر میں کچھ نہیں کہہ سکتا بس اتنا کہ خدا انھیں ان کے اہل خانہ کو بہت ہمت عطا کرے۔‘

اس سے قبل بالی وڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے بھی انھی خیالات کا اظہار کیاتھا۔