عورتوں کے گالی دینے پر ہنگامہ کیوں: ملکہ

ملکہ شیراوت نے تسلیم کیا پچھلے کچھ عرصے سے ان کے کیریئر میں کچھ خاص کامیابیاں نہیں ہوئی ہیں

،تصویر کا ذریعہMALLIKA SHERAWAT

،تصویر کا کیپشنملکہ شیراوت نے تسلیم کیا پچھلے کچھ عرصے سے ان کے کیریئر میں کچھ خاص کامیابیاں نہیں ہوئی ہیں

بھارتی اداکارہ ملکہ شیراوت کو حیرانی ہے کہ پردے پر ہیرو نازیبا الفاظ ادا کرے تو لوگ اسے سراہتے ہیں لیکن گالم گلوچ کرنے والی ہیروئن کو لوگ برداشت کیوں نہیں کرتے۔

ملکہ نے کہا کہ فلم ’ڈرٹی پولیٹکس‘ میں انھوں نے گاؤں کی ایک انگوٹھا چھاپ عورت کا کردار ادا کیا ہے جو کافی نازیبا الفاظ کا استعمال کرتی ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا، ’لوگ بار بار مجھ یہی سوال پوچھتے ہیں۔‘

’پردے پر ہیرو جب گالی گلوچ کرتا ہے تو لوگ تالیاں بجاتے ہیں۔ کہتے ہیں کہ واہ، کیا ڈائیلاگ بولا ہے اور جب ہیروئن ایسا کرتی ہے تو لوگ سوال پوچھنے لگتے ہیں۔ یہ دوہرا پن کیوں؟ ‘

ملکہ شیراوت نے تسلیم کیا پچھلے کچھ عرصے سے ان کے کیریئر میں کچھ خاص کامیابیاں نہیں ہوئی ہیں لیکن انہیں مکمل یقین ہے کہ ’ڈرٹی پولیٹکس‘ سب کچھ بدل دے گی اور ان کا کریئر واپس پٹری پر آ جائے گا۔

اس فلم میں نصیرالدین شاہ اور اوم پوری بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

’ڈرٹی پولیٹکس‘ چھ مارچ کو ریلیز ہو رہی ہے۔