اداکاری کے لیے ٹیلنٹ اہم ہے عمر نہیں: کرینہ کپور

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ شادی کرنا کوئی جرم نہیں ہے اور اداکاری کی بنیادی ضرورت صلاحیت ہے عمر نہیں۔
یہ بات انہوں نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہی۔
عمران خان اور کرینہ کپور اپنی آنے والی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کی تشہیر کے لیے لندن میں موجود تھے۔
فلمی صنعت میں عام تاثر یہ رہا ہے کہ اداکارہ نے شادی کر لی تو اس کا کریئر ختم ہو جاتا ہے تو کیا اب یہ رویہ بدل رہا ہے؟ اس سوال کے جواب میں خود دوران کیرئیر شادی کرنے والی کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’مجموعی تبدیلی تو نہیں یہ انفرادی سوچ کا معاملہ ہے۔ یہ ہمارے میڈیا یا انڈسٹری کی سوچ ہے۔‘
کرینہ کا کہنا تھا ’میرے خیال میں پیار کرنا اور شادی کرنا جرم نہیں ہے۔ میرے لیے دو سال پہلے اور اب میں کوئی فرق نہیں آیا۔‘
’مجھے خود لوگوں کے ایسے سوال پر حیرت ہوتی ہے۔ جہاں تک میرا خیال ہے اداکاری کا تعلق صلاحیت سے ہے۔ عمر سے نہیں۔‘
بی بی سی اردو کے ساتھ بات چیت میں کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ہم اپنی فلموں میں مختلف کردار دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان فلموں میں انڈیا کے شہروں اور دیہات کے رنگ تو ہوتے ہیں لیکن جو فلمیں زیادہ مقبول ہوتی ہیں ان میں افسانہ زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کرن جوہر کی فلموں کی مثال دے کر کہا کہ ’لوگ ایسی فلمیں دیکھنے جاتے ہیں تو ان کا مقصد اپنی پریشانیوں کو پیچھے چھوڑنا ہوتا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس موقعے پر عمران خان نے کہا کہ ’در اصل لوگ حقیقت دیکھنا ہی نہیں چاہتے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’لوگ فلم دیکھنے آتے ہیں تو ان کی توقع ہوتی ہے کہ ہم ان کے لیے تفریح پیش کریں۔ کچھ ہنسی مذاق، ایکشن، رومانس اور کچھ گانے، لوگ یہی سب دیکھنا چاہتے ہیں۔‘

بالی وڈ میں نئے اداکاروں میں فلمی خاندانوں سے تعلق رکھنے والی نوجوانوں کی وجہ باہر سے آنے والوں کے لیے صورتحال کتنی مشکل ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اگر آج کل دیکھیں تو اداکاروں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے جتنے نئے فنکار ہیں اتنے ہی فنکار ایسے ہیں جن کا کوئی فلمی پس منظر نہیں ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں میں ٹیلینٹ ہو وہ سٹار بن ہی جاتے ہیں۔‘
کمرشل اور آرٹ سینیما میں کم ہوتے فاصلوں کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی فلمیں دیکھنے کے بعد شائقین کی توقعات بڑھ چکی ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ بالی وڈ میں خواتین کو جس طرح پیش کیا جاتا ہے وہ معاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد کو ہوا دیتا ہے۔ اس الزام کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے۔
’لوگ اصل بات سے توجہ ہٹانے کے لیے الزام تراشی کرتے ہیں۔ فلمیں اس قدر متاثر کن نہیں ہوتیں۔ در حقیقت لوگوں کی سوچ میں تبدیلی تعلیم کی ذریعے ممکن ہے۔‘
کرینہ کپور کا کہنا تھا ’کیمرے کے سامنے ہمارا کام صرف تفریح مہیا کرنا ہے۔ لیکن فلموں سے ہٹ کر ہم سب مجموعی طور پر ذمہ دار ہیں۔ حکومت اور سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضروری اقدامات کریں۔ ہم تو محض فنکار ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’معاشرے میں تبدیلی لانا سیاستدانوں کے ہاتھوں میں ہے اداکاروں کے ہاتھوں میں نہیں۔‘
’گوری تیرے پیار میں‘ کے بارے میں کرینہ کپور کہنا تھا کہ ’لوگ تفریحی فلمیں پسند کرتے ہیں جس میں گانے ہیں، ڈانس ہے رومانس ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ الگ فلمیں کامیاب ہوتی ہیں لیکن یہ کہنا اچھا لگتا ہے لیکن باکس آفس پر جو فلمیں کامیاب ہوتی ہیں ان کی در اصل کہانی ایک ہی ہوتی ہے جسے ہم بدل بدل کر مختلف انداز میں پیش کرتے ہیں۔‘







