بالی وڈ راؤنڈ اپ: عمران کرینہ کے مداح اور شاہ رخ بازی لے گئے

’کرینہ کپور ہے سب سے خوبصورت‘

عمران اور کرینہ ’گوری تیری پیار میں‘ سے پہلے ’ایک میں اور ایک تو‘ میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنعمران اور کرینہ ’گوری تیری پیار میں‘ سے پہلے ’ایک میں اور ایک تو‘ میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں

عمران خان جو کہ کرینہ کپور کے ساتھ فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ میں ایک بار بھر نظر آ رہے ہیں ان دنوں کرینہ کی تعریف کرتے نہیں تھکتے۔ حال ہی میں یہ دونوں اس فلم کی تشہیر کرتے نظر آئے اور اسی موقع پر عمران نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کرینہ کپور فلم انڈسٹری کی سب سے خوبصورت اداکارہ ہیں۔

عمران خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ ’کیا ایسا کہہ کر انھوں نے بالی وڈ کی باقی اداکاراؤں سے پنگا نہیں لیا؟‘ تو ان کا جواب تھا ’اس میں پنگا لینے والی کوئی بات نہیں، یہ میری اپنی رائے ہے۔ کیا میری کوئی رائے نہیں ہو سکتی؟‘

عمران اور کرینہ ’گوری تیری پیار میں‘ سے پہلے ’ایک میں اور ایک تو‘ میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ’گوری تیرے پیار میں‘ کے ہدایت کار پونیت ملھوترا اور اس کے پروڈیوسر کرن جوہر ہیں۔ فلم اس سال بائیس نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

شاہ رخ لے گئے بازی، سلمان رہ گئے پیچھے

ان دنوں شاہ رخ خان کے قسمت کے ستارے عروج پر ہیں۔ پہلے تو ان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ نے تین سو پچاس کروڑ روپے سے اوپر کا بزنس کیا اور اب ایک سروے میں یہ آیا ہے کہ شاہ رخ خان بھارت کی سب سے زیادہ ’اٹریکٹیو پرسنالٹی‘ یعنی پرکشش شخصیت ہیں۔

دراصل ٹرسٹ ریسرچ ایڈوائزری نے سولہ شہروں میں ایک سروے کروایا اور اسی سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ بھارت میں شاہ رخ خان سب سے پرکشش شخصیت ہیں۔

شارخ کے بعد اس فہرست میں امیتابھ بچن اور کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی رہے، عامر خان چوتھے ، جبکہ سلمان خان ساتویں نمبر پر رہے۔

جے، ویرو تیار لیکن رمیش نے کیا انکار

شعلے کے ڈائریکٹر رامیش سیپی اس کے تھری ڈی ورژن سے خوش نہیں ہیں
،تصویر کا کیپشنشعلے کے ڈائریکٹر رامیش سیپی اس کے تھری ڈی ورژن سے خوش نہیں ہیں

سنہ انیس سو پچھہتر کی سپرہٹ فلم ’شعلے‘ کی ریلیز کے 38 سال بعد یہ فلم ایک بار پھر ایک نئے انداز میں سامنے آنے کے لیے تیار ہے۔ شعلے کو تھری ڈی روپ میں جلد ہی پیش کیا جائے گا۔

ایسا کہا جا رہا ہے کہ شعلے کے جے اور ویرو یعنی امیتابھ بچن اور دھرمندر اس تھری ڈی ورژن کے لیے پرجوش ہیں اور انھوں نے اس کی تشہیر کرنے کی حامی بھی بھر لی ہے۔

لیکن فلم کے ڈائریکٹر رمیش سپّی اس تھری ڈی ورژن سے خوش نہیں ہیں اور انھوں نے اس فلم کی پروموشن کرنے سے انکار کیا ہے۔

اس فلم کو تھری ڈی روپ میں پن کمپنی کے جیانتی لال گادالا رہے ہیں۔

ایڈز کے لیے شیرون سٹون اور ایشوریا رائے ایک ساتھ

اس تقریب میں مشہور گلوگارہ کیشا بھی پرفارم کرنے والی ہیں
،تصویر کا کیپشناس تقریب میں مشہور گلوگارہ کیشا بھی پرفارم کرنے والی ہیں

ایشوریا رائے بچن اور ہالی وڈ کی اداکارہ شیرون سٹون جلد ہی ساتھ ہوں گی مگر کسی فلم کے لیے نہیں بلکہ ممبئی میں ہونے والے ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ کے لیے۔

ایڈز پر تحقیق کرنے والی ایک بین الاقوامی تنظیم سترہ نومبر کو ممبئی میں ایک پروگرام کرنے والی ہے جسے شیرون سٹون پیش کرے گی جو اس تنظیم کی گلوبل فنڈ ریزنگ کی چیئرپرسن ہیں۔

اس موقع پر ایشوریا رائے بچن اور ان کے شوہر ابھیشک پچن بھارت کی طرف سے اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔

صرف اتنا ہی نہیں اس تقریب میں مشہور گلوگارہ کیشا بھی پرفارم کرنے والی ہیں۔

جب انوشکا نے لی فریدہ کی جگہ

انوشکا ان دنوں بمبئی ویلویٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں
،تصویر کا کیپشنانوشکا ان دنوں بمبئی ویلویٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ سے ہالی وڈ میں اپنی پہچان بنانے والی فریدہ پنٹو اب تک کئی بین الاقوامی فلموں میں کام کر چکی ہیں لیکن جب باری آئی بالی ووڈ فلم کی تو قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔

فریدہ ’این ایچ دس‘ کی ایک ہندی فلم سے بالی ووڈ میں ڈبیو کرنے والی تھی لیکن وقت کی قلت کی وجہ سے انھیں یہ فلم چھوڑنی پڑی۔

اب اس فلم میں فریدہ کی جگہ نظر آئیں گی انوشکا شرما۔ انوشکا ان دنوں ’بمبئی ویلوٹ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس فلم کو انوراگ کشیپ ڈائریکٹ کر رہے ہیں اور اس فلم میں انوشکا کے ساتھ لیڈ رول میں رنبیر کپور ہیں۔