میری وہ ٹانگیں جن پر سفید دھبے تھے آج بارہ برانڈز کی نمائندگی کرتی ہیں

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
'میں محض ایک خبر یا انسٹا سٹوری نہیں بلکہ ایک جیتی جاگتی لڑکی ہوں جسکے خواب، خواہشیں اور چاہتیں ہیں۔ایک ایسی مڈل کلاس لڑکی جس نے اپنی محنت اور حوصلے سے یہ مقام حاصل کیا ہے اور مجھے خود پر فخر ہے۔'
فلم ناقد انوپما چوپڑہ کے ساتھ یہ بات کرتے ہوئے پرینکا چوپڑہ کی آنکھوں میں چمک اور انداز انتہائی پُر اعتماد تھا۔
یہ وہی پرینکا تھیں جن کا کہنا تھا کہ بچپن میں میں بری طرح احساسِ کمتری کا شکار تھی کیونکہ امریکہ میں سکول کی تعلیم کے دوران کچھ لوگ انھیں ان کے رنگ پر طعنے دیا کرتے تھے۔
لیکن جب 17 سال کی عمر میں انھوں نے مس ورلڈ کا خطاب جیتا تو انھیں خود پر یقین آنے لگا اور اس یقین نے پرینکا کو نہ صرف بالی ووڈ کی مہنگی ترین اداکاروں میں سے ایک بنایا بلکہ مِس ورلڈ سے شروع ہونے والا ان کا سفر کامیابی کی کئی منزلیں طے کرتا ہوا ہالی ووڈ تک پہنچا اور آج تک جاری ہے۔

،تصویر کا ذریعہGERRY PENNY
18 جولائی 1982 کو انڈین فوج میں بطور ڈاکٹر کام کرنے والے اشوک اور مدھو چوپڑہ کے گھر پیدا ہونے والی پرینکا چوپڑہ کا کہنا ہے جب وہ پیچھے مڑ کر دیکھتی ہیں تو انھیں احساس ہوتا ہے کہ یہ سفر آسان نہیں تھا جس میں ناکامیاں بھی ہیں اور غلطیاں بھی۔
اس سفر میں دکھ بھی ہے اور درد بھی لیکن ساتھ ہی یہ احساس بھی ہے کہ اگر میں یہاں پہنچ سکتی ہوں جہاں آج ہوں تو کوئی بھی لڑکی یہ مقام حاصل کر سکتی ہے۔
تاہم ایک امریکی ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں پرینکا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک سے بے حد محبت کرتی ہیں لیکن مغرب میں ان کا تعارف صرف انڈین اداکارہ یا انڈین لڑکی کے طور پر کیوں کرایا جاتا ہے ان کی شناخت صرف ان کے ملک تک محدود نہیں ہے۔
تیرہ سال کی عمر میں ہائی سکول کی تعلیم کے لیے پرینکا کو امریکہ بھیج دیا گیا جہاں وہ اپنی آنٹی کےساتھ رہا کرتی تھیں لیکن سکول میں انھیں ساتھ پڑھنے والے کچھ بچوں سے نسلی تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پرینکا کا کہنا تھا کہ میں سانولی رنگت کے ساتھ بہت پتلی دبلی ہوا کرتی تھی اور میری ٹانگوں پر سفید دھبے تھے لیکن میں نے اس قدر محنت کی کہ آج میری وہی ٹانگیں بارہ بڑے برانڈز کی نمائندگی کرتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSEBASTIAN D'SOUZA
2018 میں فوربز وومن سمِٹ میں بولتے ہوئے پرینکا نے اپنے کرئیر کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کس طرح ایک بڑی فلم کے ڈائریکٹر نے انھیں اتنا چھوٹا سکرٹ پہننے کے لیے کہا کہ جس میں سے ان کا انڈر ویئیر دکھائی دے جواب میں پرینکا نے وہ فلم چھوڑ دی تھی اور سائینگ اماؤنٹ واپس کر دی تھی۔
2000 میں مس ورلڈ کا خطاب جیتنے کے بعد پرینکا نے 2002 میں عباس مستان کی فلم ہمراز میں لیڈ رول سائن تو کیا لیکن معاملہ جما نہیں۔
2003 میں انھوں نے سنی دیول اور پریتی زنٹا کے ساتھ فلم ہیرو سائن کی جس میں وہ سیکنڈ لیڈ تھیں لیکن انھیں کامیابی لارا دتہ اور اکشے کے ساتھ فلم انداز سے ملی۔

،تصویر کا ذریعہHindustan Times
کئی فلاپ فلموں کے بعد 2004 میں سلمان خان اور اکشے کمار کے ساتھ پرینکا نے فلم مجھ سے شادی کروگی میں کام کیا جو اُس سال کی تیسری سب سے زیادہ کامیاب فلم رہی۔
2004 میں ہی پرینکا نے عباس مستان کی فلم ا'عتراض' میں اکشے کمار اور کرینہ کے ساتھ کام کیا فلم میں پرینکا کا نگیٹیو رول تھا اور ان کے اس کردار کوزبردست سراہا گیا اور فلم پرینکا کے نام کر دی گئی۔
2005 میں فلم برسات، وقت ، بلیک میل، کرما اور یقین کے بعد پرینکا نے ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم 'بلف ماسٹر' میں کام کیا، یہ فلم کمرشلی بہت کامیاب رہی۔
مدھر بھنڈارکر کی فلم فیشن میں میگھنا ماتھر کے کردار نے نہ صرف پرینکا کو بے تحاشا تعریف بلکہ بے شمار ایوارڈز بھی دلوائے۔
اس وقت روزنامہ ہندوستان ٹائمز نے پرینکا کی پرفارمنس کے بارے میں لکھا تھا کہ نگیٹیو کردار میں پرینکا پوری فلم پر چھائی رہیں اور یہ کردار ان کے کریئیر کا ٹرنِگ پوائنٹ ثابت ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہJames Devaney
اس کے بعد پرینکا نے مڑ کر نہیں دیکھا۔ علی عباس ظفر کی غنڈے ہو یا سنجے لیلی بھنسالی کی باجی راؤ مستانی، فلم 'میری کام' ہو یا پھر 'برفی' پرینکا نے مختلف کرداروں میں خود کو ڈھال کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
بالی ووڈ میں اپنے پیر جمانے کے بعد پرینکا نے ہالی ووڈ کا رخ کیا اور امریکی تھرلر سیریز 'کونٹیکو' سے شروعات کی امریکی نیٹ ورک ڈرامہ سیریز میں کام کرنے والی وہ پہلی جنوب ایشیائی اداکارہ تھیں۔
امریکی ناقدین نے بھی ان کے کام کی تعریف کی۔اس کے بعد، 'بے واچ'،از ان اِٹ رومانٹک' ، 'سکائی از پِنک'،کے ساتھ پرینکا کی نئی کامیابیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اپنی کامیابیوں کے اس سلسلے پر پرینکا نے حال ہی میں اپنی یاداشیتیں لکھی ہیں جسکا عنوان ہے 'ان فِنشڈ'۔

،تصویر کا ذریعہMail Today
پرینکا کا کہنا تھا کہ کووڈ کے دوران انھیں احساس ہوا کہ ان کی زندگی اتنی تیز رفتار سے بھاگ رہی تھی کہ انھیں پیچھے مڑ کر دیکھنے کی فرصت ہی نہیں ملی اور میڈیا میں ان کے بارے میں جو کچھ بھی لکھا گیا وہ دوسروں کے نظریے سےاور دوسروں کی زبانی تھا۔ اس لیے انھوں نے خود اپنی یادداشتیں لکھنے کا فیصلہ کیا۔
مختلف چینلز کے ساتھ انٹرویوز میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی کامیابیوں کی کہانی نہیں بلکہ ان کے اس سفر کی تفصیل ہے جس میں اتارچڑھاؤ کے ساتھ ساتھ ان کو پیش آنے والے چیلنجز، ان کے تجربات، دکھ ، درد اور ناکامیوں کا بھی ذکر ہے۔
یعنی پرینکا کی کہانی انھی کی زبانی۔ اور ان کی یہ میموائر نیو یارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر فہرست میں شامل ہے۔

،تصویر کا ذریعہAntony Jones
پرینکا ان شخصیات میں سے ہیں جو ہمیشہ خبروں میں رہی ہیں کبھی کام کے حوالے سے تو کبھی دوستیوں کے سبب۔
2018 میں جب انھوں نے امریکی سنگر اور ایکٹر نک جونز سے شادی کی تو میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی کیونکہ نِک عمر میں پرینکا سے تقریباً دس سال چھوٹے ہیں جس کے سبب پرینکا کو سوشل میڈیا پر ٹرول کا سامنا ہوا۔
اس سے پہلے پرینکا کا نام ان کے متعدد کو سٹارز کے ساتھ جوڑا جاتا رہا جن میں شاہ رخ خان بھی شامل ہیں۔ دونوں نے فلم 'ڈان' میں ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد ان کی دوستی کی خبریں میڈیا میں گردش کرنے لگی تھیں۔
کچھ سال پہلے پرینکا چوپڑہ کی ٹانگیں سوشل میڈیا پر اس وقت موضوع بحث بنیں جب برلن میں اپنی فلم 'بے واچ' کے پریمیئر کے دوران انھوں نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ان کی اس ملاقات کی تصاویر شائع ہوئیں جس میں ان کے چھوٹے سے لباس اور ننگی ٹانگوں پر سوشل میڈیا میں کافی بحث ہوئی تھی۔ ٹرولز کے جواب میں پرینکا اور ان کی ممی نے چھوٹے سکرٹ میں اپنی ٹانگوں کی نمائش کرتے ہوئے انسٹا پر اپنی تصویر لگائی۔

،تصویر کا ذریعہRich Fury
فلموں کے علاوہ پرینکا کئی خیراتی اداروں سے وابستہ رہیں جن میں یونیسف بھی شامل ہے پرینکا یو این کی سفیر برائے امن ہیں لیکن انڈیا پاکستان کی درمیان کشیدگی کے دوران جب انھوں نے انڈین فوج کی تعریف میں ٹویٹ کی تو ان پر شدید تنقید ہوئی۔پرینکا نے پرپل پیبل پکچرز کے نام سے اپنی پروڈکشن کمپنی بنائی ۔
پرینکا سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہیں ٹوئٹر ہو یا انسٹا یا پھر فیس بک پرینکا سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالو ہونے والی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ فوربز نے انھیں دنیا کی سو سب سے زیادہ با اثر خواتین کی فہرست جبکہ ٹائم میگزین نے دنیا کی سو با اثر شخصیات میں شامل کیا۔ پرینکا انڈیا میں سب سے زیادہ فیس لینے والی اداکاراؤں میں شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSUJIT JAISWAL
پرینکا ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں کردار نبھا رہی ہیں جن میں 'ٹیکسٹ فار یو'، 'میٹرِکس' اور کاؤ بوائے ننجا وائیکِنگ شامل ہیں اس فلم میں وہ کرس پیٹ کے ساتھ نظر آئیں گی۔








