پرینکا چوپڑہ کے لیے سٹائل آئیکون ایوارڈ

،تصویر کا ذریعہiStock
بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑہ کے سر گذشتہ دنوں ایک اور تاج اس وقت سجا جب انھیں بریک آؤٹ سٹائل آئیکون ایوارڈ سے نوازا گیا۔
'ان سٹائل' میگزین کی اس تقریب کا انعقاد گیٹی سینٹر نے امریکی شہر لاس اینجلس میں کیا تھا۔
پرینکا چوپڑہ کو یہ ایوارڈ امریکی گلوکار اشر ریمنڈ نے دیا۔ اس موقعے پر اداکارہ آئیلا فیشر بھی ریڈ کارپٹ پر موجود تھیں۔
پرینکا چوپڑہ نے انسٹا گرام اور ٹوئٹر جیسے سوشل میڈیا پر اس شام کا تذکرہ کرتے ہوئے تقریب کا انعقاد کرنے والوں اور اشر ریمنڈ کا شکریہ ادا کیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ امریکی ٹی وی شو 'کوانٹیکو' میں اپنے زبردست کردار اور اداکاری کے سبب اب امریکہ میں ایک معروف نام ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 'کوانٹیکو' میں ایف بی آئی کا کردار ادا کرکے وہ 'طاقتور محسوس کرتی ہیں۔'
وہ اپنی اس سیریز کے دوسرے سیزن کی تشہیر کے لیے 'ایلن ڈی جینیریس شو' میں حصہ لے رہی ہیں اور یہ شو جلد ہی سامنے آنے والا ہے۔
اس شو کی میزبانی کامیڈین ایلن ڈی جینیرز کرتی ہیں اور اس شو کا شمار بہت ہی پرمزاح پروگرامز میں ہوتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ان سے جب پوچھا گیا کہ آپ سی آئی اے اور ایف بی آئی کے بارے میں جانتی ہیں تو انھوں نے کہا: 'نہیں، میرا مطلب ہے کہ ہمارے یہاں اسی طرح کا اپنا ادارہ سی بی آئی ہے اور ہم ایف بی آئی یا سی آئی اے کے بارے میں جو کچھ جانتے ہیں وہ 'ہوم لینڈ' جیسے ٹی وی شوز کے ذریعے جانتے ہیں۔'
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انھوں نے کہا: 'جب میں کوئی دروازہ توڑتے ہوئے اور ایف بی آئی، ایف بی آئی کہتی اندر داخل ہوتی ہوں تو یقینا ایک قوت کا احساس ہوتا ہے۔ میں کوانٹیکو میں اپنے کردار سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔'









