چڑیا گھر سے بھاگنے والے شیر نے ایک آدمی مار ڈالا

،تصویر کا ذریعہReuters

جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں چند روز پہلے آنے والے شدید سیلاب کے باعث چڑیا گھر سےآزاد ہونے والے ببر شیر نے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔

جارجیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس اس شیر کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ببر شیر نے تبلیسی کے مرکزی چوک کے قریب ایک شخص کو ہلاک کیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters

جارجیا میں گذشتہ ہفتے آنے والےسیلاب میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ شدید سیلاب کے بعد شہر کے چڑیا گھر سے کئی خطرناک جانور آزاد ہوگئے تھے جن میں ببر شیر، شیر، اور بھیڑیے شامل ہیں۔

گذشتہ ہفتے تبلیسی میں اس وقت سینکڑوں جانور ڈوب گئے تھے جب سیلاب کا پانی چڑیا گھر میں داخل ہو گیا تھا۔ سیلابی پانی کی وجہ سے چڑیا گھر سے آزاد ہونے والے جانوروں میں ببر شیر ، دریائی گھوڑے، بھیڑیے اور ریچھ تبلیسی کی گلیوں میں گھومتے پھرتے نظر آ رہے تھے۔

پولیس نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی تھی۔ لوگوں نے شہر کے مرکزی علاقے میں دریائی گھوڑے کوگھیر لیا تھا اور اسے بے ہوش کر کے دوبارہ چڑیا گھر لایا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAP

حکام نے منگل کے روز یہ تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ لاپتہ ہونے والے تمام جانوروں میں ایک تیندوے کے علاوہ تمام درندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔