اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی مزید دستاویزات جاری

،تصویر کا ذریعہAFP
امریکی حکام نے القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی مزید دستاویزات جاری کی ہیں جن میں کتابیں، خطوط اور القاعدہ کا آپریشن چلانے کے حوالے سے معلومات شامل ہیں۔
امریکہ کی خصوصی افواج نے سنہ 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کو ایک خصوصی آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا تھا۔
اس کارروائی کے دوران کمپاونڈ میں موجود دستاویزات کو بھی امریکی افواج نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
اسامہ بن لادن کے کمپاونڈ میں عربی میں کی گئی خط و کتابت کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں بھی کتابیں موجود تھیں۔ اسامہ بن لادن کی کتابوں کی الماری میں عسکری نظریات اور معشیت پر لکھی گئی کتابیں بھی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید دستاویزات جلد جاری کی جائیں گی۔
ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلجنس کا کہنا ہے کہ دستاویزات شائع کرنے سے پہلے ان کا ’کڑا‘ جائزہ لیا گیا۔

امریکی حکام کی جانب سے شائع کی گئی دستاویزات میں خطوط، نوٹس اور القاعدہ کا آپریشن چلانے کے حوالے سے مواد کا ترجمہ شامل ہے۔ ایبٹ آباد کے کمپاونڈ سے ملنے والے زیادہ تر دستاویزات عربی میں تھیں۔اور ان عربی مسودہ بھی جاری کیے گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان دستاویزات میں فرانس کے عنوان کے حوالے سے بھی مواد جاری کیا گیا ہے۔ جس میں فرانس کے کالجوں کی رپورٹس اور فرانس کی فوج، سیاست اور معیشت کے حوالے سے آرٹیکلز شامل ہیں
امریکہ کی جانب سے جاری کردہ خفیہ دستاویزات کے مطابق کمپاونڈ سے ’خودکشی روکنے کی رہنمائی‘ کے عنوان سے ایک مسودہ بھی ملا ہے۔
معلومات کے مطابق اسامہ بن لادن کے کمپاونڈ سے کچھ نقشے اور ویڈیو گیمز کے کھیلنے کے گائیڈ ملی ہیں جبکہ بوب وڈورڈز کی کتاب ’اوبامہ وار‘ بھی ملی۔
اس سے قبل سنہ 2012 میں ویسٹ پوائینٹ میں امریکی ملٹری اکیڈمی نے اسامہ بن لادن کی تلاش کے لیے کئے گئے خفیہ آپریشن کے دوران ملنے والی چند دستاویزات جاری کی گئی تھیں۔







