امریکی صدارتی انتخاب 2020 کے نتائج: ٹرمپ کا امریکی عوام سے دھوکا ہونے کا دعویٰ، سپریم کورٹ جانے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’میرے نزدیک ہم الیکشن جیت چکے ہیں‘ اور امریکی عوام کے ساتھ ’فراڈ‘ کیا جا رہا ہے۔
امریکہ میں ووٹنگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
منگل کو رات گئے وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے ملک کے لیے باعثِ شرمندگی ہے‘ اور وہ انتخابی نتائج کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
واضح رہے کہ اب بھی امریکہ کی چند ریاستوں میں لاکھوں ووٹوں کی گنتی ہونا باقی ہے تاہم صدر ٹرمپ نے اپنی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے اپنے اہلخانہ اور لاکھوں حمایتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم جیت کے جشن کی تیاری کر رہے تھے، ہم ہر جگہ سے جیت رہے تھے۔‘
انھوں نے فاتحانہ انداز میں امریکی ریاست فلوریڈا سے متوقع فتح کو ’بڑی کامیابی‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہم صرف جیتے نہیں ہیں بلکہ ہم واضح اکثریت سے وہاں سے جیتے ہیں۔‘
انھوں نے اپنے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ہم نے امریکی ریاستوں اوہائیو، ٹیکساس میں کامیابی حاصل کی، ہم نے جارجیا میں انھیں ڈھائی فیصد کے فرق سے شکست دی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انھوں نے امریکی ریاست مشی گن میں بھی واضح اکثریت سے اپنی کامیابی اور ریاست پنسلوینیا میں واضح برتری کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی صدارتی انتخاب میں جوں جوں متوقع نتائج موصول ہو رہے ہیں ویسے ویسے یہ انتخابی معرکہ ایک کڑے مقابلے کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
ٹرمپ کی تقریر سے کچھ دیر قبل ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے بھی اپنی فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آخری ووٹ کی گنتی تک صدارتی انتخاب کا محاذ گرم رہے گا۔‘
امریکی ریاست ڈیلاویئر میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے اپنے حامیوں کا حوصلہ بڑھایا تھا۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہم درست سمت میں جا رہے ہیں اور یہ صدارتی انتخاب ہم ہی جیتیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جانتے ہیں کہ وقت لگ رہا ہے اور لگے گا۔ شاید بات کل صبح تک جائے یا شاید اس سے بھی آگے۔ لیکن ہم جہاں ہیں اس صورتحال پر خوش ہیں۔‘
صدر ٹرمپ ہوں یا جو بائیڈن دونوں اپنی اپنی فتح کے دعویدار ہیں جبکہ اب بھی ملک میں لاکھوں ووٹوں کی گنتی ہونا باقی ہے۔











