غزہ میں پولیس چوکیوں پر خودکش حملے، تین فلسطینی اہلکار ہلاک

غزہ میں پولیس کی دو چوکیوں پر ہونے والے خودکش حملوں میں کم از کم تین فلسطینی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے کہ یہ حملے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے منسلک خودکش حملہ آوروں نے کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

یہ حملے غزہ میں حماس کی جانب سے دولت اسلامیہ کے وابستہ جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کے بعد ہوئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو حملہ کرنے والوں میں سے ایک حملہ آور پولیس کی حراست میں بھی رہا ہے۔

حملوں کے بعد غزہ میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔

پہلا حملہ ایک چیک پوسٹ کے قریب موٹر سائیکل کے ذریعے کیا گیا اور اس میں دو پولیس افسران ہلاک جبکہ ایک فلسطینی زخمی ہوا۔

حماس کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس حملے کے ایک گھنٹے کے اندر دوسرا حملہ ہوا جس میں ایک اور افسر کی ہلاکت ہوئی اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

سکیورٹی فورسز نے ان حملوں کے بعد غزہ کی پٹی کی مرکزی شاہراہ پر سینکڑوں اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔

حماس کو گاہے بگاہے سخت نظریات کے حامل اسلامی جنگجوؤں کی جانب سے اندرونی طور پر مزاحمت کا سامنا رہا ہے جن میں دولت اسلامیہ سے وابستہ عناصر بھی شامل ہیں۔

حماس نے سنہ 2007 کی خانہ جنگی کے دوران صدر محمود عباس سے غزہ کا کنٹرول لے لیا تھا۔