آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مسلمانوں کےخلاف نفرت پھیلانےوالےسیاستدان اور میڈیا بھی ’ذمہ دار‘
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے اور ہلاکتوں کے بعد دنیا بھر سے ردِ عمل سامنے آرہا ہے۔
ترکی کے وزیر خارجہ مولوت چاؤ شولو کا کہنا ہے کہ اس وحشت ناک حملے کے لیے ان سیاست دانوں اور میڈیا کے اداروں کو بھی ذمہ دار ٹھرایا جانا چاہیے جو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جنون کو ہوا دیتے ہیں۔
برسلز میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی نفرت انگیز تقاریر اور میڈیا کے کچھ ادارے جو اسلام مخالف جذبات بھڑکاتے ہیں ایسے حملوں کے لیے وہ بھی ذمہ دار ہیں۔
ترک وزیراعظم رجب طیب اردغان نے بھی ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ حملہ نسل پرستی اور اسلام مخالف جذبات کی تازہ مثال ہے۔انہوں نے لکھا کہ وہ النور مسجد میں ہونے والے حملے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ اللہ متاثرین کو صبر دے اور زخمیوں کو جلدی شفا عطا فرمائے۔
امریکہ کے سابق صدر براک اوبامہ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہم سب کو 'نفرت کے خلاف متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے لکھا کہ مشال اور میں اس مشکل وقت میں نیوزی لینڈ کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو غوطریس نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا ' وہ پرامن عبادت کرنے والے لوگوں پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں اس حملے سے بہت افسردہ ہوں اور ہلاک شدگان کے افرادِ خانہ کے غم میں شریک ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ ہمیں مسلمانوں کے خلاف نفرت کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے۔
کینڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈر نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور تشدد اور دہشت گردی کے خلاف نیوزی لینڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے لکھا ’نیوزی لینڈ کے عوام اور دنیا بھر کے مسلمان ہمارے دل میں ہیں اور اس مشکل گھڑی میں ہم ان کے کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے لکھا کہ ہمیں اسلامو فوبیا پر قابو کرنا ہوگا اور ایک ایسا معاشرہ بنانا ہوگا جہاں ہر مذہب ، نسل آور رنگ کا انسان خود کو محفوظ تصور کرے۔