موسم میں تیزی سے تبدیلی کا اثر، آسٹریلیا میں تارکول گاڑیوں کے ساتھ چپکنے لگی

،تصویر کا ذریعہDAVID ANTHONY / TABLELANDER
آسٹریلیا میں ڈرائیورز کو اس وقت اپنی گاڑیاں چھوڑ کر جانا پڑا جب تارکول پگھلنے کے بعد ان کی گاڑیوں کے ٹائروں کے ساتھ چپک گئی۔
اطلاعات کے مطابق کوینز لینڈ میں منگل کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد 50 گاڑیوں کے مالکان ہرجانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
مقامی میئر جو پیرونیلا نے اے بی سی نیٹ ورک کو بتایا کہ ’میں نے ایسی کوئی چیز پہلے نہیں دیکھی، اور کل جب اطلاعات آنا شروع ہوئیں، یہ بہت حیران کن تھا۔‘
اس واقعے کی وجہ گذشتہ ہفتے مرمت کے بعد سڑک کو ہونے والا نقصان اور موسم میں تبدیلی بتائی جا رہی ہے۔
ایک مقامی رہائشی ڈیبوراہ سٹیسی نے بتایا کہ تارکول کے ’بڑے ٹکڑے‘ گاڑی کے ساتھ چپک گئے، جس کی وجہ کئی دن تک جاری رہنے والی بارشیں اور کئی سرد دنوں کے بعد آنے والا گرم موسم ہے۔
انھوں نے کوریئر میل کو بتایا: ’ایک ہفتے تک تو ہماری ونڈ سکرینز پر دراڑیں پڑیں۔ پھر جیسے ہی سورج نکلا تو یہ ہو گیا۔‘
تارکول سے متاثر ہونے والے بہت سے ٹائروں کو تبدیل کرنا پڑے گا اور اس کے علاوہ گاڑیوں کے پینلز اور بمپرز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کوینز شہر کے جنوب میں ایتھرٹن ٹیبل لینڈز سے گزرنے والی اس سڑک کو کچھ وقت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کوئنز لینڈ کے ٹرانسپورٹ اینڈ مین روڈ کے محکمے کا کہنا ہے کہ جن ڈرائیورز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے انھیں ہرجانے کی پیش کش کی جائے گی۔







