آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’یورپی یونین بریگزٹ مذاکرات کے لیے تیار ہے‘
جرمن چانسلر اینگلا میرکل کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے سلسلے میں مذاکرات کے آغاز میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
یاد رہے جمعرات کو برطانوی انتخابات میں وزیراعظم ٹریزا مے کی جماعت پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ برطانیہ مجوزہ ٹائم ٹیبل کا احترام کر سکے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ بریگزٹ کے سلسلے میں مذاکرات 19 جون کو شروع ہونا ہیں۔
جمعرات کے برطانوی انتخابات میں ٹریزا مے کی جماعت نے 13 سیٹیں کھو دی ہیں جس کے بعد پارلیمنٹ میں ان کی اکثریت ختم ہوگئی اور مذاکرات کے حوالے سے بے یقینی پیدا ہوگئی ہے۔
ٹریزا مے نے انتخابات کی کال اس لیے دی تھی تاکہ وہ بریگزٹ کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل کے لیے واضح مینڈیٹ حاصل کر سکیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ کہہ چکی ہیں کہ برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے حوالے سے اہم مذاکرات دس روز بعد مقرر کردہ وقت پر ہی شروع ہوں گے۔
اینگلا میرکل نے یہ بیان اس وقت دیا جب وہ تجارتی امور کے حوالے سے میکسکو کے صدر سے میکسکو سٹی میں جمعے کے روز ملاقات کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم مذاکرات جلف کرنا چاہتے ہیں اور اس وقت تک کوئی ایسے اشارے نہیں ہیں کہ مذاکرات وقت پر شروع نہیں سو سکتے۔
’ہمیں امید ہے کہ برطانیہ مذاکرات شروع ہونے کے بعد بھی ایک اچھا ساتھی رہے گا۔ برطانیہ چاہے یورپی یونین کا حصہ نہ ہو، وہ یورپ کا تو حصہ رہے گا۔‘
تاہم ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ان 27 ممالک کے مفادات سامنے لائے گا جو کہ مستقبل میں یورپی یونین کا حصہ ہوں گے۔