بنا پرمٹ فیس ادا کیے ایورسٹ پر چڑھنے والا شخص گرفتار

رائن

،تصویر کا ذریعہImage copyrightRYAN SEAN DAVY/FACEBOOK

ایک شخص کو پرمٹ فیس 11 ہزار ڈالر ادا کیے بغیر ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے جرم میں حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ حکام نے ان سے کہا ہے کہ وہ بھاری جرمانے کی توقع بھی رکھیں۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 43 سالہ رائن شان ڈیوی کا کہنا ہے کہ جب انھیں پکڑا گیا تو وہ ایک غار میں چھپے ہوئے تھے، جبکہ اس سے قبل تک وہ تنہا سات ہزار تین سو میٹر کی بلندی پر پہنچ چکے تھے۔

رائن نے اپنے اس عمل پر معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ شکایت کی کہ ان کے ساتھ ’ایک قاتل جیسا برتاؤ کیا گیا۔‘

کسی بھی شخص کے لیے تنہا ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنا انتہائی غیر معمولی ہے۔

بہت سے کوہ پیماؤں کو دنیا کی بلند ترین پہاڑی پر جانے کے لیے کم از کم ایک گائیڈ اور بیس کیمپ پر تمام سامان سے لیس ایک ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایورسٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

واضح رہے کہ نیپال کی آمدن کا بڑی حد تک دارومدار ایورسٹ پر ہونے والی کوہ پیمائی پر ہوتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کو حکام نے بتایا ہے کہ رائن ڈیوی نے سرکاری کوہ پیماؤں سے اس وقت چھپنے کی کوشش کی جب انھیں بیس کیمپ کے پاس دیکھا گیا۔

ایورسٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

حکام کے مطابق کوہ پیماؤں نے ان کا پیچھا کیا گیا تو وہ ایک کیمپ میں پائے گئے جو انھوں نے ایک غار میں بنا رکھا تھا۔

رائن ڈیوی نے فیس بک پر کہا ہے کہ ’کوہ پیمائی سے متعلق کمپنیوں کے پاس ان کوہ پیماؤں کے پاس وقت نہیں ہوتا جن کے پاس پیسے نہ ہوں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’مجھے بیس کیمپ پر اتنا ہراساں کیا گیا کہ مجھے لگا جیسے مجھے سنگسار کر کے مار دیا جائے گا۔‘

انھوں نے بتایا کہ ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا ہے اور انھیں کھٹمنڈو بھیج دیا گیا ہے جہاں وہ کچھ وقت جیل میں گزاریں گے جبکہ 22 ہزار ڈالر جرمانہ ہونے کی توقع بھی ہے۔