ایوانکا ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں دفتر دیا جائے گا

ایوانکا ٹرمپ اور جیرڈ کشنر

،تصویر کا ذریعہAFP

امریکی انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا کو وائٹ ہاؤس میں ایک دفتر دیا جائے گا۔

وہ امریکی انتظامیہ کے مرکز ویسٹ ونگ میں کام کریں گی تاہم ان کے عہدے کا کوئی سرکاری نام نہیں ہو گا اور نہ ہی انھیں اس کی تنخواہ ملے گی۔

اس عہدے کی رو سے 35 سالہ ایوانکا کو خفیہ معلومات تک رسائی حاصل ہو گی۔

امریکی اخبار پولیٹیکو کی ایک رپورٹ کے مطابق ایوانکا صدر ٹرمپ کو متنوع امور پر مشاورت فراہم کریں گی۔

ایوانکا ایک فیشن برانڈ کی مالک ہیں۔ ان کے خاوند جیرڈ کشنر پہلے ہی صدر ٹرمپ کے اعلیٰ سطح کے مشیر ہیں۔

ایوانکا ٹرمپ اور انگیلا میرکل

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنایوانکا ٹرمپ عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں شامل رہی ہیں جن میں انگیلا میرکل بھی شامل ہیں

بعض حلقوں نے اس جوڑے کے امریکی صدر پر اثر و رسوخ پر تشویش ظاہر کی ہے کہ اس سے مفادات کا ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔

یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ آیا ٹرمپ کے خاندان اور ان کی تجارتی سرگرمیوں میں واضح سرحد موجود ہے۔

جنوری میں صدر ٹرمپ کی تقرری کے بعد سے ایوانکا بین الاقوامی رہنماؤں کے ساتھ صدر ٹرمپ کی ملاقاتوں میں شامل رہی ہیں، جن میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔