کم جونگ نام کی ہلاکت: ’میری گرفتاری ملائیشیا کی سازش تھی‘

شمالی کوریا، جانگ چول

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنشمالی کوریا کے شہری جانگ چول کو ملائیشیا سے رہائی کے بعد ملک بدر کر دیا گیا تھا

ملائیشیا میں رہائی پانے والے شمالی کوریا کے شہری جانگ چول کا کہنا ہے کہ وہ کم جونگ نام کی ہلاکت کے معاملے میں ملائیشین حکام کی سازش کا نشانہ بنے ہیں۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی 13 فروری کو ہلاک ہوئے تھے۔ کم جونگ نام کے چہرے پر ایک اعصاب شکن کیمیکل پھینکا گیا تھا جس سے ان کی موت ہو گئی تھی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جانگ چول کا کہنا ہے کہ جزیرانما کوریا کی تکریم کو نقصان پہنچانے کے لیے انھیں حراست میں لیا گیا۔

جانگ چول نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں شمالی کوریا کے سفارتخانے میں جمعے کو کیا۔ انھیں ملائیشیا میں رہائی کے بعد ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

ملائیشین حکام کے مطابق ان کے پاس سفری دستاویزات مکمل نہیں تھیں تاہم یہ بھی واضح کر دیا گیا تھا کہ کم جونگ نام کی ہلاکت میں جانگ چول کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

سنیچر کی صبح صحافیوں سے گفتگو میں جانگ چول نے کہا کہ تفتیش کاروں نے ان پر جرم قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔

'اگر میں ہر چیز تسلیم کر لیتا تو بدلے میں بہ میرے لیے ملائیشیا میں ایک اچھی زندگی مہیا ہو جاتی۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے سمجھ لیا کہ یہ ایک سازش ہے اور یہ سازش میرے ملک کی عزت کو کم کرنے کے لیے تھی۔'

کم جونگ نام

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنملائیشیا کی وزارتِ صحت کے مطابق کم جونگ نام کی ہلاکت اعصاب شکن زہریلے مادے سے کیے جانے والے حملے کے بعد 15 سے 20 منٹ کے اندر ہوئی

جانگ چول نے کہا کہ وہ کیمیائی ماہر ہیں تاہم ملائشیا میں صابن بنانے میں استعمال ہونے والی اشیا کو درآمد کرتے تھے۔

جانگ چول جن کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کے وقت ہوائی اڈے پر موجود نہیں تھے۔ وہ واحد شمالی کوریا کے شہری ہیں جنھیں اس قتل کی تفتیش میں حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم ملائیشیا کے حکام شمالی کوریا کے سفارتی عملے سے بھی پوچھ کچھ کر رہے ہیں۔