آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کینیڈا میں خاتون نے خواب میں دیکھے نمبر سے لاٹری جیت لی
کینیڈا میں ایک خاتون جو گذشتہ 30 سالوں سے لاٹری کا ایک ہی نمبر خریدتی آ رہی ہیں کا 39 لاکھ ڈالرز کا انعام نکلا ہے۔
اولگا بینو نامی خاتون کا کہنا ہے کہ انھوں نے مئی 1989 کو ’خواب میں یہ نمبر دیکھا تھا‘ اور اس کے بعد سے وہ مسلسل یہی نمبر خریدتی آئی ہیں۔
اولگا کینسر کی مریض ہیں اور یہ جیت ان کے لیے ایک زبردست بات ہے، کیونکہ انھیں اپنے علاج کے لیے اپنا مکان فروخت کرنا پڑا تھا۔
اب انھوں نے جیتی ہوئی رقم سے مکان تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ایٹلانٹک لاٹری نے اولگا بینو کے حوالے سے بتایا کہ ’میں اپنے نمبروں کو جانتی ہوں اور مجھے ایسا لگا کہ میں نے انھیں قرعہ اندازی کے بعد شام کے وقت ٹی وی پر دیکھا، لیکن میری آنکھیں ٹھیک نہیں اس لیے میں اس بارے میں بھول گئی۔‘
اگلی صبح جب اولگا احبار پڑھ رہیں تھیں تو انھوں نے وہی ہندسے دوبارہ دیکھے۔
’پہلے میں نے سوچا کہ ایسا نہیں ہو سکتا، اخبار میں کوئی غلطی ہے۔ پھر میں نے اپنی بہن سے کہا مجھے لگتا ہے میرا انعام نکلا ہے۔‘
اولگا کا کہنا ہے کہ ’جواب میں میری بہن نے مجھ سے کہا کہ جب آپ سچ بتانا چاہتی ہوں تو مجھے کال کیجیئے گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دس سال قبل انھیں معلوم ہوا تھا کہ وہ سٹیج فور کے کینسر میں مبتلا ہیں اور انھیں اپنا گھر فروخت کرنا پڑا۔
اولگا کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر، بچوں اور پوتوں نے انھیں اس بیماری کا مقابلہ کرنے میں مدد کی اور اب وہ انھیں ڈزنی ورلڈ لے جانا چاہتی ہیں۔