عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف نے آخری لمحات میں ذاتی وجوہات کی بناء پر جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کا کہنا ہے کہ محمد یوسف نے انہیں بتایا ہے کہ وہ کافی دنوں سے کرکٹ سے دور ہیں اور وہ اپنی فٹنس حاصل کرنے کے لئے مزید کچھ وقت چاہتے ہیں لہذا وہ پہلا ٹیسٹ کھیلنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ انڈین لیگ سے معاہدہ ختم کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد یوسف کو پہلے ٹیسٹ کی پندرہ رکنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ یہ بات غور طلب ہے کہ اُس وقت محمد یوسف نے فٹ نہ ہونے کے سبب میچ نہ کھیلنے کی کوئی بات سلیکٹرز اور بورڈ کے چیئرمین سے نہیں کی تھی۔
فیصل اقبال کو محمد یوسف کی جگہ حتمی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پیر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ کا ٹاس گریم اسمتھ نے جیتا ہے اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمن کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جبکہ جنوبی افریقی بولر مورنی مورکل فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کرسکے اور ان کی جگہ ڈیل سٹین کو کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے۔ شان پولاک کو بارہواں کھلاڑی بنا دیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شعیب ملک ( کپتان) سلمان بٹ۔ محمد حفیظ۔ یونس خان۔ فیصل اقبال۔ مصباح الحق۔ کامران اکمل۔ عبدالرحمن۔ عمرگل۔ محمد آصف اور دانش کنیریا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کھلاڑی یہ ہیں۔ گریم سمتھ۔ ہرشل گبز۔ اے بی ڈی ویلیئرز۔ جیک کیلس۔ ایشول پرنس۔ ہاشم آملا۔ مارک باؤچر۔ آندرے نیل۔ مکھایا نتینی۔ پال ہیرس اور ڈیل اسٹین۔
آسٹریلیا کے سائمن ٹافل اور انگلینڈ کے مارک بینسن میچ کے امپائرز ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایلن ہرسٹ میچ ریفری کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔