http://www.bbc.com/urdu/

Tuesday, 21 August, 2007, 15:15 GMT 20:15 PST

کپل کرکٹ اکیڈمی سے فارغ

بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر اور انڈین کرکٹ لیگ کے چیف ایگزیکٹو کپل دیو کو قومی کرکٹ اکیڈمی کے صدر کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

اب ان کی جگہ اجے شرکے صدر کے عہدے کی ذمے داری سنبھالیں گے۔

یہ فیصلہ ممبئی ميں ہونے والی بی سی سی آئی کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔این سی اے کے نائب صدر اجے شرکے کو عبوری طور پر صدر بنایا گیا ہے۔

کپل دیو نے کچھ عرصہ پہلے ایسل گروپ کی جانب سے حال ہی میں تشکیل دی گئی انڈین کرکٹ لیگ (آئی سی ایل) کے بورڈ کے صدر کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔

اس قسم کی اطلاعات بھی ہیں کہ آئی سی ایل سے تعلق رکھنے والے دیگر کھلاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کی ملکی اور ریاستی سطح پر نمائندگی کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔

بی سی سی آئی کے سیکرٹری نرنجن شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جو آئی سی ایل کے ساتھ جائےگا اس کا بی سی سی آئی سے کوئی تعلق نہيں رہ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئی سی ایل میں جانے والے کھلاڑیوں کے لیے وہ سہولتیں باقی نہیں رہيں گی جو اب تک انہیں ملتی ہيں‘۔

اس سے قبل بی سی سی آئی نے کپل سے کہا تھا کہ وہ خود کو آئی سی ایل سے الگ کر لیں لیکن کپل دیو نے اس پر بورڈ کے خلاف کارروائی کرنے کا چیلنج کر دیا تھا۔