http://www.bbc.com/urdu/

Friday, 20 July, 2007, 18:56 GMT 23:56 PST

مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

’ٹیم کے لیے ایک ہی کوچ کافی‘

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ جاوید میاں داد کا کہنا ہے کہ وہ جیف لاسن کی پیشکش پر پاکستان کی ٹیم کے بیٹنگ کوچ بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے کسی عہدے میں دلچسپی نہیں اور انہوں نے تو کرکٹ بورڈ کو کوچنگ کے لیے درخواست بھی نہیں دی تھی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ جیف لاسن نے جس طرح ان کی تعریف کی ہے یہ کرکٹ بورڈ کے ارباب اختیار کے لیے سوچنے کا مقام ہے۔ پاکستان کے نئے مقرر کردہ آسٹریلوی کوچ جیف لاسن نے جاوید میاں داد کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جاوید میاں داد نہ صرف زبردست بیٹسمین تھے بلکہ ذہنی طور پر بھی بہت مضبوط کھلاڑی تھے۔

لاسن نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ جاوید میاں داد کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کے کوچنگ گروپ کا حصہ بنیں۔ جاوید میاں داد کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ وہ ان کے بارے میں جیف لاسن کے اچھے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور کبھی بھی لاسن کو کسی مشورے کی ضرورت ہوئی تو اپنے ملک اور اپنے کرکٹرز کے لیے وہ انہیں ضرورمشورہ دیں گے۔

جاوید میاں داد کا کہنا ہے لاسن کے پاس انہیں بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا کوئی ایسا اختیار نہیں، یہ اختیار کرکٹ بورڈ کے پاس ہے اور کرکٹ بورڈ نے انہیں پہلے ہی اس قابل نہیں سمجھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں کبھی ایسی کوئی پیشکش ہوئی تو وہ اس وقت غور کریں گے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

جاوید میاں داد کے بقول کوچ ایسا ہونا چاہیے جو کھیل کے ہر شعبے میں کھلاڑی کی خامی کو بھانپ کر درست کرے لیکن یہ وقت بتائے گا کہ لاسن جو کہ ایک فاسٹ بالر رہ چکے ہیں وہ تمام شعبوں میں تربیت کر سکیں گے یا نہیں۔ جاوید میاں داد نے کہا کہ ان کی تو سمجھ سے بالا تر ہے کہ کھیل کے ہر شعبے کے لیے الگ الگ کوچ ہو اور ٹیم کے لیے ایک ہی کوچ ہونا چاہیے۔