Saturday, 14 July, 2007, 21:38 GMT 02:38 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کی ٹیم میں واپسی سے نہ صرف ٹیم کی بالنگ بہت مضبوط ہو گی بلکہ خود انہیں بھی اس سے فائدہ ہو گا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری کیمپ میں تربیت کے بعد محمد آصف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اگر شعیب اختر، وہ خود، عمر گل اور محمد سمیع ہوں گے تو ٹیم بالنگ کے شعبے میں بہت مضبوط ہو گی جس سے دوسری ٹیمیں دباؤ میں آ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ شعیب اختر بلا شبہ دنیا کے تیز ترین بالر ہیں اور مخالف ٹیموں پر ان کی موجودگی سے دباؤ پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں اگر دوسرے اینڈ پر ان کے ساتھ شعیب بالنگ کریں گے تو بالنگ بہت مؤثر ہو گی۔
محمد آصف ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجینسی کی ان کے خلاف اپیل مسترد ہونے پر سکون محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریبا ایک سال سے وہ اس مسئلے پر الجھے ہوئے تھے اور دباؤ میں تھے اب اس مسئلے سے نکلنے کے بعد وہ اپنی بالنگ میں مزید بہتری کے لیے یکسو ہو کر محنت کریں گے۔
شعیب اختر کی طرح محمد آصف بھی نو بال پر بیٹس مین کو ملنے والی فری ہٹ کے قانون سے ناخوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں تو یہ قانون ٹھیک ہے لیکن پچاس اوورز والے میچ میں ایسے قانون سے بالر کو کافی نقصان ہو گا اور کرکٹ میں بالنگ کے شعبے میں چارم ختم ہو جائے گا۔
ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے امکانات کی بابت محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کافی اچھی ہے اور’ہم اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ تاہم اس طرح کی کرکٹ کے بارے میں کچھ پیش گوئی ممکن نہیں۔‘