Tuesday, 13 March, 2007, 14:16 GMT 19:16 PST
جمیکا کے سبینا پارک میں نویں عالمی کرکٹ کپ 2007 کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 54 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ پچاس اووروں میں نو وکٹوں کے عوض 241 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی تمام ٹیم اڑتالیسویں اوور میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ہے۔
پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز عمران نذیر اور محمد حفیظ نے کیا لیکن عمران نذیر میچ کی تیسری گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوگئے۔ ان کے بعد یونس خان کھیلنے آئے لیکن وہ بھی جلد ہی محمد حفیظ کا ساتھ چھوڑ گئے۔ وہ ٹیلر کی ایک باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر راندن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔انہوں نے صرف نو رنز بنائے۔
اس کے بعد محمد یوسف اور انضمام الحق نے قدرے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے سکور بڑھانا شروع کیا، تاہم ان کی تیز رنز بنانے کی کوشش بھی زیادہ دیر نہ چل سکی اور محمد یوسف سینتیس رنز بنا کر سمتھ کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 99 تھا۔
بہت جلد ہی پاکستان کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب 116 پر انضمام الحق بھی آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے طرف سے سب سے زیادہ سکور شعیب ملک نے کیا جنہوں نےچھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
![]() | |
| اگرچہ شعیب ملک نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن انضمام کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے جیتے امکانات تقریباً ختم ہو گئے |
عالمی کرکٹ کپ کے پہلے میچ کی خاص بات سیمیولز اور ساروان کی بیٹنگ اور پاکستان کے راؤ افتخار انجم کی نپی تلی بولنگ تھی۔ راؤ افتخار نے دس اوورز میں 44 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے دس اوورز میں تین میڈ ان اوورز بھی تھے۔
پاکستان کی ٹیم میں شعیب اختر اور محمد آصف کی کمی خاصی واضح طور پر محسوس کی گئی کیونکہ رانا نوید مخالف کھلاڑیوں کو بالکل پریشان نہیں کر سکے۔ اگرچہ انہوں نے ایک میڈ ان اوور بھی کیا لیکن ان کے باقی آٹھ اوورز میں 49 رنز بنے۔ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر عمر گل تھے جنہوں نے 38 رنز کے عوض دو وکٹ لیے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
میزبان ویسٹ انڈیز نے ایئن بریڈشا کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا قدرے غیر متوقع فیصلہ کیا ہے۔ وہ اب ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں لینڈل سمنز اور ڈیون سمتھ کے ساتھ گراؤنڈ سے باہر بیٹھیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کے شاہد آفریدی دو میچوں کی پابندی کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل رہی ٹیم سے باہر ہیں۔ ان کے علاوہ پاکستانی سکواڈ میں سے محمد سمیع، اظہر محمود اور یاسر عرفات بھی ٹیم میں نہیں ہیں۔
پاکستان اور میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کے درمیان عالمی کپ کے پہلے میچ میں اپنی ٹیم کے امکانات کے بارے میں برائن لارا نے کہا تھا وہ پاکستان کے خلاف بہتر کارکردگی دکھائے گے کیونکہ پاکستانی ٹیم شعیب اختر، محمد آصف اور عبدالرزاق کی عدم موجودگی کی وجہ سے کمزور پڑ گئی ہے۔
لیکن اس کے باوجود گزشتہ ہفتے پاکستان نے ٹرینیڈاڈ میں ایک وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو شکسٹ سے دوچار کیا تھا۔