شفیع نقی جامعی بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کِنگسٹن |  |
 | | | پاکستان کی شکست کے بعد وولمر دباؤ میں تھے |
جمیکا میں پاکستانی کرکٹ کوچ باب وولمر کو بیہوشی کے بعد ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ باب وولمر کی عمر اٹھاون سال ہے۔ اتوار کی صبح باب وولمر کو ان کے ہوٹل کے کمرے میں بیہوش پایا گیا۔ انہیں کِنگسٹن کے مرکزی ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے ان کی حالت کے بارے میں ابھی کچھ کہنے سے انکار کردیا ہے۔ دن کے پونے گیارہ بجے جب صفائی کرنے والے ایک شخص نے ہوٹل کا کمرہ کھولا تو وولمر کو بیہوش پایا اور خون بہہ رہا تھا۔ ہوٹل پرگیسیسز کی انتظامیہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ اہلکار پی جے میر نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ باب وولمر کی حالت ’تشویشناک‘ ہے۔ کرکٹ بورڈ جلد ہی اس بارے میں ایک بیان جاری کرنے والا ہے۔ سنیچر کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آئرلینڈ کے ہاتھوں تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد پاکستان ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا ہے۔ سنیچر کو پاکستان کی شکست کے بعد جب میری ملاقات باب وولمر سے ہوئے تو وہ صحت مند دکھائی دیے لیکن افسردہ تھے۔ ان سے میں نے جب ان کے کریئر کے مستقبل کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ سوچیں گے۔ پاکستان کی شکست کے بعد سابق کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اربابِ اختیار اور خاص طور کوچ باب وولمر اور کپتان انضمام الحق سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ |