 | | | نیوزی لینڈ کو چار مرتبہ سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ |
بعص مبصرین نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک اچھی ٹیم قرار دے رہے ہیں تاہم میرے نزدیک یہ ایک ون مین ٹیم ہے۔ فاسٹ باؤلر شین بونڈ ان کی ٹیم ہیں اور انکی امیدوں کا مرکز بھی۔ ون ڈے میچوں میں انیس اعشاریہ چھیاسٹھ رنز کی اوسط کے ساتھ وہ ایک شاندار ریکارڈ کے حامل ہیں۔ ماضی میں ون ڈے کرکٹ میں ان سے بہتر اوسط صرف تین کھلاڑیوں کی رہی ہے جو ویسٹ انڈیز کے جوئیل گارنر اور ٹونی گرے کے علاوہ انگلینڈ کے مائک ہینڈرک ہیں۔ بونڈ ایک تیز بالر ہیں اور جلد وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ان کی شمولیت ایک عام ٹیم کو ایسی مضبوط ٹیم میں بدل دیتی ہے جو مقابل ٹیم کو پریشانی سے دوچار کر دیتی ہے۔ وہ سفیدگیند کے ساتھ خصوصی طورپراچھی کارگردگی دکھاتے ہیں اور یہ مبالغہ نہیں ہوگا اگر یہ کہا جائے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی تمام امیدیں ان سے جڑی ہوئی ہیں۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ وہ اکثر اوقات زخمی ہوجاتے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ اس بار وہ کیسا کھیلتے ہیں۔ بالنگ کے شعبے میں بونڈ کی مدد کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم میں لیفٹ آرم فاسٹ بالر جیمز فرینکلن اور سپنر ڈینئل ویٹوری جیسے بالر موجود ہیں جو بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر نیوزی لینڈ ٹیم کی بیٹنگ پر نظر دوڑائی جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ کپتان سٹیفن فلیمنگ فارم میں واپس آرہے ہیں۔ میں ان کو بہت پسند کرتا ہوں۔ وہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔وہ ایک بہترین کھلاڑی، عظیم کیپٹن، بہت سمجھدار اور خاموش طبیعت کے تجربہ کار قائد ہیں۔ تاہم کیوی ٹیم اننگز کے ابتدائی مرحلے میں میں تیز رنز بنانے کے حوالے سے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ناتھن آسٹل کی کمی شدت سے محسوس کرے گی۔ بعض کیوی بلے باز جن میں راس ٹیلر اور پیٹر فلٹن شامل ہیں خاصے ناتجربہ کار ہیں۔ وہ ایک ٹیم کے طور پر حال ہی میں اچھی وکٹ پر بہت ہی بہتر کھیلے ہیں لیکن انہوں نے سلو وکٹ پر اچھی کارگردگی نہیں دکھائی ہےاور ممکن ہے کہ جزائر غرب الہند میں ان کو اچھی وکٹیں نہ مل سکیں۔ جیکب اورم انگلی کی چوٹ کی وجہ سے اپنے گروپ کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ کے خلاف نہیں کھیل سکیں گے لیکن وہ سپر ایٹ مرحلے میں کھیلنے کے لیے واپس آئیں گے۔ یہ نیوزی لینڈ کے لیے بھی بہت اہم ہوگا کیونکہ وہ ایک بہترین کرکٹر ہیں جو نچلے نمبروں پر کھیلتے ہوئے چوکوں اور چھکوں کی بھرمار کر سکتے ہیں جبکہ وہ ایک بہترین میڈیم فاسٹ بالر کے طور پر بھی اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ |