Friday, 19 January, 2007, 23:52 GMT 04:52 PST
رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے قبائلی علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لئے منظم سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کے روز پشاور پریس کلب میں سرحد سپورٹس رائیٹرز ایسوسی ایشن کے ’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے بتایا کہ کرکٹ بورڈ نے سپورٹس ڈائریکٹریٹ فاٹا کے ساتھ مل کر فاٹا میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے لئے ایک جامع منصوبہ بنایا ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جمعہ کے روز انہوں نےگورنر ہاؤس پشاور میں گورنر سرحد علی محمد جان اورکزئی سے ملاقات کی اور ان سے قبائلی علاقوں میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ علی محمد جان اورکزئی نے قبائلی علاقوں میں کرکٹ کی سرگرمیاں شروع کرنے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ حکومت نے فاٹا میں سپورٹس سٹیڈیمز کی تعمیر کے منصوبے پر پہلے ہی کام شروع کیا ہوا ہے۔
چیئرمین کرکٹ بورڈ سے سوال کیا گیا کہ حکومت قبائلی علاقوں میں شدت پسندی کا خاتمہ کرنے کے لئے وہاں خصوصی توجہ رہی ہے اور کرکٹ کا فروغ بھی کیا اسی کڑی کا حصہ ہے؟
تو اس پر ان کا کہنا تھا: ’اگرچہ آج کی گورنر سے ملاقات خصوصی طور پر اس سلسلے میں تو نہیں تھی لیکن اگر فاٹا میں کوئی بم یا گرنیٹھ سے کھیلنے کی بجائے کھیل کود میں وقت دلچسپی لیتا ہے تو یہ تو ملک و قوم کےلئے اچھی بات ہے۔‘
ڈاکٹر نسیم اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم اور کھلاڑیوں کے کارکردگی کے حوالے سے مختلف سوالوں کا جواب دیا۔
اس سے قبل سرحد سپورٹس رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر امجد عزیز ملک اور جنرل سیکرٹری عظمت اللہ نے پشاور میں سپورٹس جرنلسٹس کی کارکردگی اور ان کو درپیش مسائل سے پی سی بی کے چیئرمین کو آگاہ کیا۔