http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 22 November, 2006, 14:50 GMT 19:50 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ملتان

ہوم ٹیم کو فائدہ کیوں نہیں؟

پاکستانی لیگ سپنر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ کی وکٹ پر سپنروں کے لیے مددگار نہیں ہے اور ان کے خیال میں پاکستان میں وکٹیں ایسی ہونی چاہئیں جن پر ہوم ٹیم کو فائدہ حاصل ہو۔

کنیریا نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جن میں ڈبل سنچری بنانے والے برائن لارا بھی شامل تھے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وکٹ میں جان نہیں تھی جبکہ کوکابورا کی گیند کی سیم بھی جلد ختم ہوجاتی ہے اور بیٹسمین کو کھیلنے کے لیے بہت وقت مل جاتا ہے۔

کنیریا جو42 ٹیسٹ میچوں میں177 وکٹیں حاصل کرکے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولرز میں دسویں نمبر پر آگئے ہیں، کہتے ہیں کہ موسم سرما میں پنجاب میں اچھی وکٹیں تیار کرنا بہت مشکل ہے لیکن وکٹیں ایسی ہونی چاہئیں جن پر ہوم ٹیم کو مدد مل سکے۔ اس ضمن میں کیوریٹرز کو بہت محنت کی ضرورت ہے۔

کنیریا کا کہنا ہے کہ ایسی وکٹ پر برائن لارا کو بولنگ کرنا آسان نہیں تھا۔وہ پہلے بولر نہیں ہیں جو لارا کی جارحانہ بیٹنگ کی زد میں آئے ہیں تاہم دن کے اختتام پر وہ خوشی محسوس کرتے ہیں کہ ورلڈ کلاس بیٹسمین کو آؤٹ کیا۔

کنیریا کے مطابق وہ ہر میچ کو اہم سمجھ کر کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ کریئر میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کریں