http://www.bbc.com/urdu/

Tuesday, 16 May, 2006, 12:19 GMT 17:19 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

ہمارا معاوضہ بڑھائیں: انضمام

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو’سینٹرل کنٹریکٹ‘ کی مد میں ملنے والے معاوضے میں اضافہ کیا جائے۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی پر کرکٹرز کے لیئے مالی مراعات کا اعلان ہونا چاہئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انضمام الحق سمیت بیس کرکٹرز کو اسوقت سینٹرل کنٹریکٹ کی بنیاد پر تین مختلف کیٹگریز میں ماہانہ معاوضہ ملتا ہے جو میچ فیس کے علاوہ ہے۔ اے کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ دو لاکھ روپے ملتے ہیں۔ بی کیٹگری میں سوا لاکھ اور سی کیٹگری میں پچہتر ہزار روپے شامل ہیں۔

پاکستانی کرکٹرز سے کیا جانے والا موجودہ معاہدہ اس سال تیس جون کو ختم ہورہا ہے اور انضمام الحق کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں نظرثانی کرتے ہوئے معاوضے میں اضافہ کیا جائے۔

پاکستانی کپتان کو ابھی تک ورلڈ کپ کے لیئے کپتان مقرر نہیں کیا گیا ہے لیکن عام خیال یہی ہے کہ وہی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرینگے۔ انضمام کہتے ہیں وہ شہریارخان سے میچ فیس کے موجودہ سسٹم میں تبدیلی کے بارے میں بھی بات کرینگے۔
انضمام الحق کا کہنا ہے کہ اس مطالبے کا مقصد بورڈ سے محاذ آرائی نہیں ہے

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ان کے اس مطالبے کا مقصد بورڈ سے محاذ آرائی نہیں ہے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ کرکٹرز معاشی طور پر خوشحال رہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عباس زیدی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹرز کی جانب سے معاوضے میں اضافے کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے جہاں تک سینٹرل کنٹریکٹ کا تعلق ہے تو نئے کنٹریکٹ میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

’موجودہ کنٹریکٹ پر کرکٹرز کا اعتراض اس لیئے ناقابل فہم ہے کہ انہوں نے تمام نکات سمجھنے کے بعد ہی اس پر دستخط کئے تھے۔‘

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے چند ممالک میں کھلاڑیوں کو میچ فیس کے علاوہ کرکٹ بورڈ کی آمدنی میں سے بھی حصہ ملتا ہے لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی بھی دور میں اس کے اخراجات اور آمدنی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی آڈٹ رپورٹ سامنے آئی ہے۔