Friday, 13 January, 2006, 16:52 GMT 21:52 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ بالر سرفراز نواز نے جو آج کل بین شدہ پاکستانی فاسٹ بالر شبیر احمد کا بالنگ ایکشن درست کروا رہے ہیں، کہا ہے کہ شبیر کے بالنگ ایکشن پر کافی کام کر لیا گیا ہےاورانہیں پوری امید ہےکہ شبیر احمد چھ فروری کو پشاورمیں ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں کھیل سکیں گے۔
شبیر احمد اکیس جنوری کو آئی سی سی کی بالنگ رویو کمیٹی کے سامنے پیش ہو رہے ہیں اور آئی سی سی کے ایک اہم اہلکار کے مطابق شبیر پر فیصلہ اسی ماہ میں لے لیا جائے گا۔
سرفراز احمد نے جو کچھ دنوں سے شبیر کے بالنگ ایکشن پر راولپنڈی میں کام کر رہے تھے، جمعہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شبیر کی تربیت شروع کی جس کی وجہ سرفراز نے یہ بتائی کہ اب شبیر کی تربیت اس مرحلےمیں داخل ہو چکی ہے جہاں بائیو مکینکس لیبارٹری اورماہر کی ضرورت ہے اس لیے انہیں اکیڈمی میں آنا پڑا۔
سرفراز نے کہا کہ شبیر کے ایکشن میں کافی بہتری آچکی ہے اور اس میں شبیر کی اپنی بہت محنت شامل ہے۔ سرفراز نے کہا کہ وہ سولہ جنوری تک شبیر کے ایکشن پر کام کریں گے اور ان کے ایکشن پر وڈیوفلم بنا کر بالنگ رویو کمیٹی کو پیش کریں گے اور انہیں اعتماد ہے کہ فیصلہ شبیر کے حق میں ہو گا۔
سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ایک فاسٹ بالنگ کوچ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی ہے پاکستان کے اس سرمایہ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔
شبیر کے ایکشن پر آئی سی سی کی بالنگ رویو کمیٹی کااجلاس دبئی میں انیس فروری کو ہونا تھا لیکن اب یہ اکیس فروری کو ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر (کرکٹ آپریشن) سلیم الطاف نے جو کہ شبیر کے ساتھ جائیں گے کہا ہے کہ تاریخ میں یہ تبدیلی بائیومیکنکس کے آسٹریلوی ماہر بروس ایلیٹ کی مصروفیت کے سبب ہوئی۔
شبیر احمد نے جمعے کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں چالیس منٹ تک لگاتار تیز بالنگ کروائی اور اس دوران اپنے کوچ سرفراز نواز سے ہدایات بھی لیتے رہے۔ پریکٹس کے بعد انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ پر امید ہیں کہ فیصلہ ان کے حق میں ہو گا کیونکہ سرفراز نواز کی کوچنگ میں انہوں نے اپنی خامی پر قابو پا لیا ہے۔
شبیر نے کہا کہ وہ پابندی لگنے کے بعد سے کافی مایوس تھے لیکن سرفراز نواز نے انہیں کافی اعتماد دیا جس سے وہ اس کیفیت سے باہرنکل آئے ہیں۔ شبیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی فاسٹ بالرز کو ایک سپیشلسٹ بالنگ کوچ کی اشد ضرورت ہے جو شروع ہی میں بالرز کی خامیوں کو ٹھیک کر دے۔
یاد رہے کہ شبیر احمد پر ایک سال میں دو مرتبہ مشکوک بالنگ ایکشن پر رپورٹ کیے جانےکے سبب آئی سی سی کی جانب سے ایک سال کی بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کی گئی تھی۔