Sunday, 08 January, 2006, 18:05 GMT 23:05 PST
مناء رانا
بی بی سی ارو ڈاٹ کام، لاہور
بھارتی ٹیم کے آسٹریلین کوچ گریک چیپل کا کہنا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پاک بھارت سیریز دو غیر ملکی کوچوں کے درمیان کوئی جنگ ہے بلکہ یہ کرکٹ کی دو زبردست ٹمیوں کے درمیان مقابلہ ہے۔
موجودہ سیریز کوچوں کی ایشیز نہیں: چیپل
آسٹریلیا کے سابق کپتان اور اب بھارتی ٹیم کے کوچ گریک چیپل کے مطابق کوچ کا کام کھلاڑیوں کی تربیت کرنا ہے انہیں مقابلے کے لیے تیار کرنا ہے۔کوچ کھیلنے کے لیے میدان میں نہیں اتر سکتا میدان میں تو کارکردگی کھلاڑیوں نے ہی دکھانی ہوتی ہے لہذا میچ کے دن جو ٹیم اچھا کھیل جاتی ہے وہی جیتتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کام ہے کہ ٹیم کی خامیوں کو دور کر کے اسے ایسی ٹیم بنانا جو میدان میں مد مقابل ٹیم کا دلیری سے اور ڈٹ کر مقابہ کرے۔
گریک چیپل نے باب وولمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ باب ایک تجربے کار کوچ ہیں اور ان کی تربیت سے پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی کافی بہتر ہوئی۔
گریک چیپل نے کہا کہ باب کی تربیت میں پاکستانی کھلاڑی منظم ہوئے ہیں اور ان کی فٹنس کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔
گریک چیپل نے پاکستان کی ٹیم کے کپتان انضمام الحق کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ کوچ باب وولمر اور کپتان انضمام کی مشترکہ کوششیں ہیں جن کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم ایک وننگ کمبینیشن میں تبدیل ہو چکی ہے جو کہ انگلینڈ کے خلاف ان کی حالیہ کارکردگی سے صاف ظاہر ہے۔
پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گریک چیپل نے کہا کہ یہ دو متوازن ٹیموں کے درمیان ایک دلچسپ مقابہ ہو گا اور میں ایک اچھے مقابلے کو دیکھنے کے لیے بے چین ہوں۔
گریک چیپل نے کہا کہ ان کی ٹیم پر شعیب اختر کا کوئی دباؤ نہیں اور انہوں نے نہ صرف شعیب اختر کے خلاف ہی بلکہ پاکستان کے تمام پیس بالنگ اٹیک کے خلاف حکمت عملی تیار کر لی ہے کیونکہ ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان کے پاس بہت زبردست تیز گینر پھیلنے والے کھلاڑی موجود ہیں۔