Monday, 02 January, 2006, 17:28 GMT 22:28 PST
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی اپنے کیریئر کے بدترین سال کے بعد اب دورہ پاکستان کے دوران اپنی اچھی فارم میں واپس آنے کے لیے پر عزم ہیں۔
انہوں نے بھارتی اخبار ’مڈ ڈے‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرے کرکٹ کے کیریئر کا بدترین سال تھا۔ میں دو ہزار پانچ کے ختم ہو جانے پر حقیقتاً خوش ہوں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اصل بات یہ ہے کہ مجھے بہت سے رن بنانے ہیں۔ میں اختلافات میں نہیں پڑنا چاہتا اور اپنی توجہ نہیں بانٹنا چاہتا‘۔
گزشتہ سال گنگولی کو ٹیم کی کپتانی کے ساتھ ساتھ ایک روزہ سکواڈ میں اپنی جگہ سے بھی ہاتھ دھونا پڑے۔
تینتیس سالہ گنگولی کو ان دنوں بہت سے ناقدین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے گھر والوں کے ساتھ کرسمس گزارنے کے لیے ان کی ریاست بنگال کی ٹیم کی جانب سے میچ میں عدم شرکت کو بھی سخت ناپسند کیا گیا ہے۔
اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ’یہ ان کا اپنا خیال ہے۔ مجھے اس بات سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ وہ کیا سوچتے یا سمجھتے ہیں‘۔
سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر بھارتی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’انیس سو چھیانوے میں ٹیم میں جگہ بنانا مشکل کام تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس وقت انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں سنچریاں بنائی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’اب ٹیم میں شامل ہونا پہلے سے بھی مشکل ہے۔ لیکن میں اسے قبول کرنے کو تیار ہوں۔ یہ دو ہزار چھ کا چیلنج ہے‘۔ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے پاس پاکستان میں جیتنے کا اچھا موقع ہے۔
سیریز کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’اگر ہمیں انہیں ہرانا ہے تو ہمیں پہلے کھیل کر اچھی بلے بازی کرنا ہو گی۔ یہ بنیادی چیز ہے اور کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم یہ نہ کر سکیں‘۔