http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 24 December, 2005, 08:22 GMT 13:22 PST

صلاح الدین
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلّی

دورۂ پاکستان، بھارتی ٹیم کا اعلان

بھارتی سلیکٹروں نے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے دورۂ پاکستان کے لیے سولہ رکنی بھارتی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

ممبئی میں سلیکشن کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ کے بعد بورڈ کےسیکرٹری نے نئی ٹیم کااعلان کیا۔

سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی بھی پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم میں شامل ہیں۔ گنگولی کو سری لنکا کے خلاف احمد آباد میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

چیف سلیکٹر کِرن مورے نے اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ ہم نے گنگولی کو ان کے تجربے کی بنیاد پر ٹیم میں رکھا ہے۔ پاکستان کا دورہ آسان نہیں ہو گا۔ وہ لوگ بہت اچھا کھیل رہے ہیں اور ہمیں تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہو گی‘۔

گنگولی نے سنہ 2004 میں دورہ پاکستان میں فتح حاصل کرنے والی بھارت ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔ تاہم اس مرتبہ بھارتی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری راہول ڈراوڈ نبھائیں گے۔

گنگولی کے علاوہ تین ماہ تک ٹیم سے دور رہنے والے فاسٹ بولر ظہیر خان بھی پاکستان جا رہے ہیں جبکہ مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ پارتھیو پٹیل کو متبادل وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن مڈل آرڈر بلے باز محمد کیف اور سپن بالر مرلی کارتک ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

دورہ پاکستان کے لیے بھارتی ٹیم میں راہول ڈراوڈ(کپتان)، وریندر سہواگ(نائب کپتان)، سچن تندولکر، سورو گنگولی، وی وی ایس لکشمن، یوراج سنگھ، گوتم گمبھیر، وسیم جعفر، عرفان پٹھان، ظہیر خان، اجیت اگرکار، آر پی سنگھ، ہربھجن سنگھ، انیل کمبلے، مہندر سنگھ دھونی اور پارتھیو پٹیل شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم پانچ جنوری کو لاہور کے لیے روانہ ہوگی اور اپنے 46 روزہ دورے میں میں تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچ کھیلے گی۔