|
’گنگولی کے ساتھ کام مشکل ہے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اینڈریو فلنٹاف کا کہنا ہے کہ بھارتی کپتان سورو گنگولی کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے۔ فلنٹاف اور گنگولی سنہ 2000 میں برطانوی کاؤنٹی لنکا شائر کے لیے ساتھ کھیلتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی سوانح میں لکھا ہے کہ ’میں انہیں ناپسند نہیں کرتا لیکن ان کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے‘۔ فلنٹاف نے لکھا ہے کہ ’گنگولی ٹیم کے ہمراہ ورزش نہیں کرتے تھے۔ ان کا رویہ ایسا تھا جیسے وہ شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہوں۔ ان کا ٹیم میں ہونا ایسے تھا جیسے آپ کی ٹیم میں پرنس چارلس شامل ہوں‘۔ فلنٹاف کی کتاب کے مطابق’آپ کسی کھلاڑی کو اس کی کارکردگی کی وجہ سے قبول نہیں کرتے کیونکہ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں مگر گنگولی ٹیم کی سرگرمیوں میں شامل ہونا ہی نہیں چاہتے تھے‘۔ انہوں نے یہ بھی تحریر کیا ہے کہ ’ گنگولی دیگر کھلاڑیوں میں بالکل دلچسپی نہیں لیتے تھے اور یوں لگتا تھا کہ دس کھلاڑی ایک طرف ہیں اور گنگولی دوسری طرف‘۔ گنگولی اور فلنٹاف کی ملاقات اب آئندہ برس انگلینڈ کے دورہ بھارت میں ہونی ہے اور فلنٹاف کہتے ہیں کہ ’ ہم ایک دوسرے سے خوشدلی سے ملتے ہیں اور بس اس سے زیادہ کچھ نہیں‘۔ گنگولی بھارت کی ٹیسٹ فتوحات کے حوالے سے سب سے کامیاب کپتان ہیں مگر ماضی قریب میں ان کی فارم اچھی نہیں رہی اور حال ہی میں بھارتی کوچ گریگ چیپل کے ساتھ تنازعے کی وجہ سے وہ خبروں میں رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||