 |  سیلیکٹرز شعیب اختر کی فٹنس سے مطمئن نہیں ہیں |
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے تیز بولر شعیب اختر کو ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان کے سیلیکٹرز شعیب اختر کی فٹنس کے لیول سے مطمئن نہیں ہیں حالانکہ شعیب اختر نے مقامی 20۔20 ٹورنامنٹ میں بولنگ کی ہے۔ شعیب اختر آسٹریلیا میں ہونے والے ہیمسٹرنگ کے مسئلے کی وجہ سے جنوری سے لے کر اب تک بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ماضی کے کپتان اور وکٹ کیپر معین خان کو پیر کو ہونے والے ٹیم کے باقاعدہ اعلان میں 17 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ 33 سالہ وکٹ کیپر کو گزشتہ سال اکتوبر۔نومبر میں بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی سیریز میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم اب بیٹنگ کے حوالے سے وہ بہت اچھی فارم میں ہیں۔ اب وکٹ کیپر کے رول کے لیے ان کا مقابلہ نوجوان کھلاڑی کامران اکمل کے ساتھ ہے۔
 |  شعیب آسٹریلیا کے دورے کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلے ہیں |
لیکن اگر پاکستان کرکٹ بورڈ شعیب کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی حمایت کرتا ہے تو اس بات پر ایک نئی بحث چھڑ جائے گی۔ کیونکہ حالیہ 20۔20 میچ میں کوئٹہ بیئرز کے خلاف شعیب نے 32 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔شعیب اختر کرکٹ کی دنیا کے سب سے ترین بولروں میں سے ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 144 اور ایک روزہ میچوں میں 186 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ 29 سالہ کھلاڑی کو آسٹریلیا میں فٹنس کے کئی مسائل کا سامنا تو تھا ہی لیکن ان کی میدان سے باہر سرگرمیوں کی وجہ سے بھی کرکٹ بورڈ ان سے کافی نالاں تھا۔ انہیں ایک نائٹ کلب میں جانے اور صحافیوں سے بلا اجازت بات کرنے کی وجہ سے جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔ پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا پہلا میچ اٹھارہ مئی کو سینٹ ونسینٹ میں کھیلے گا۔ |