|
گنگولی کانپور میچ سے باہر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کرکٹ کنٹرو ل بورڈ نے کپتان سورو گنگولی کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے کانپور کے ایک روزہ میچ میں نہ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف سیلکٹر کرن مورے نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ بورڈ کی طرف سے گنگولی کو پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت ملنے کے باوجود کانپور میں میچ کھیلنے والی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانپور کے میچ میں گنگولی کی جگہ بھارتی ٹیم کی قیادت راہول ڈراوڈ کریں گے۔ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کپتان سوروگنگولی پر عائد چھ میچوں کی پابندی معطل کرتے ہوئے انہیں عارضی طور پر میچ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی اور کہا تھا کہ ان پر چھ میچوں کے لیے عائد پابندی پر سماعت کے بعد جلد ہی فیصلہ کیا جائیگا۔ آئی سی سی کا کہنا تھا کہ اسے چھ میچوں پر پابندی کے خلاف سوروگنگولی کی اپیل بدھ کے موصول ہوئی تھی۔ کونسل کے اصولوں کے مطابق اڑتالیس گھنٹوں کے اندر ایک رکن پر مشتمل کوڈ آف کنڈکٹ کمشنر کا تقرر کیا جائے گا جو اس پورے معاملے پر غور کرےگا جبکہ اس دوران سوروگنگولی میچ کھیلتے رہیں گے۔ آئی سی سی کے مطابق کمشنر ان دونوں ملکوں میں سے نہیں ہوسکتا جن ممالک کے درمیان میچ ہواتھا۔ اگر اتفاق رائے ہوجائے تو کمشنر کی تقرری کے بعد ایک ہفتے میں اس پورے معاملے کی سماعت مکمل ہوجائے گی۔ کمشنر کویہ حق حاصل ہے کہ وہ اس معاملے کی اپنے طور پر سماعت مکمل کرے اور اسے اس بات کا اختیار ہوگا کہ وہ چاہے تو گنکولی پر عائد سزا کم کر دے یا زیادہ کردے۔ اسے یہ بھی اختیار حاصل ہے کہ وہ میچ ریفری کے فیصلے کو پوری طرح کالعدم قرار دیدے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ ایک روزہ سیریز کے چوتھے میچ میں سست اوور ریٹ کے سبب میچ ریفری کرس براڈ نے بھارتی کپتان پر چھ ون ڈے میچوں میں کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ سورو نے اسی فیصلے کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اپیل کی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||