 |  جرمانے کے طور میں میچ کی تمام فیس ضبط |
پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا کو آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوران مائیکل کلارک کو آؤٹ کرنے کے بعد نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر جرمانہ کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے نوجوان بلے باز مائیکل کلارک کو آؤٹ کرنے کے بعد دانش نے مبینہ طور پر قابل اعتراض فقرے کسے جس پر ان کی میچ فیس جرمانے کے طور پر ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میچ کے ایمپائرز ڈیدوڈ شیفرڈ اور بلی بوڈن نے میچ ریفری راجن مدوگالے کو اطلاع دی کہ دانش نے نازیبا الفاظ استعمال کر کے بین الاقوامی کرکٹ کے ضوابط کی دوسری درجہ کی خلاف ورزی کی ہے۔ راجن مدوگالے نے میچ ختم ہوتے ہی ایک سماعت کے بعد فیصلہ کیا کہ چوبیس سالہ دانش کنریا کی میچ فیس جو کہ نو ہزار تین سو چالیس ڈالر بنتی ہے جرمانے کے طور پر ضبط کر لی جائے۔ دانش کو میچ ریفری کی طرف سے قابل اعتراض زبان استعمال کرنے پر سخت تنبیہ بھی کی۔ کنیریا تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی طرف سے اب تک سب سے کامیاب ثابت ہوئے اور انہوں نے ایک سو چھ رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
|