|
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
دانش کنیریا کاؤنٹی کھیلیں گے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان لیگ سپنر دانش کنیریا کا کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا دیرینہ خواب آئندہ سال شرمندہ تعبیر ہوجائے گا۔ انگلش کاؤنٹی ایسیکس نے ان سے ایک سال کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ 2004 ء کے انگلش سیزن میں انگلینڈ کے میدانوں پر اپنی لیگ سپن اور گگلی بالنگ کا جادو جگاتے ہوئے نظرآئیں گے۔ 22 سالہ دانش کنیریا نے جو 14 ٹیسٹ میچوں میں 62 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کی 8 وکٹوں کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ دوسری اننگز میں جب شعیب اختر طوفانی سپیل کرا کر میدان سے باہر چلے گئے تھے دانش کنیریا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کی شاندار پرفارمنس سے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھ دی اور اس تاثر کو غلط ثابت کر دکھایا کہ وہ صرف کمزور ٹیموں کو ہی آؤٹ کرسکتے ہیں۔ یہ تاثر اس لئے بھی پیدا ہوا تھا کہ دانش کنیریا کی حاصل کردہ وکٹوں کی اکثریت بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کی ہے۔ اس بارے میں دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش بھی ٹیسٹ کرکٹ کا حصہ ہے اور یہ نہیں بھولنا چاہیئے کہ پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سخت آزمائش میں مبتلا کردیا تھا۔ دانش کنیریا کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے بارے میں کہتے ہیں کہ یہ ان کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے سوچ رکھا تھا کہ میں کبھی لیگ کرکٹ نہیں کھیلوں گا بلکہ براہ راست کاؤنٹی کرکٹ ہی کھیلوں گا۔‘ دانش کنیریا کہتے ہیں کہ دو سال قبل بنگلہ دیش کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں 12 وکٹوں کی شاندار پرفارمنس کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان گراہم گوچ نے جو ایسیکس کے کوچ ہیں انہیں کاؤنٹی سے کھیلنے کی آفر کی تھی۔ پاکستان ٹیم کے حالیہ انگلینڈ کے دورے کے موقع پر چیمسفرڈ میں ایسیکس کے خلاف میچ کے دوران ایسیکس کے کپتان رونی ایرانی نے بھی انہیں کھیلنے کی پیشکش کی۔ اس ضمن میں وہ راشد لطیف اور جاوید میانداد کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کے معاہدے کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ دانش کنیریا کہتے ہیں کہ کاؤنٹی کرکٹ انگلینڈ کے مختلف نوعیت کے موسم اور وکٹوں کے سبب مشکل ہے۔ لہذا یہ ان کے لئے چیلنج سے کم نہیں ہے جس کے لئے وہ تیار ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر انہیں اپنی بالنگ بہتر کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ دانش کنیریا پاکستان کے دوسرے لیگ اسپنر ہیں جو کاؤنٹی کرکٹ میں نظرآئیں گے۔ ان سے قبل مشتاق احمد سمرسٹ اور سسیکس کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس سال 103 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے پیش نظرسسیکس کاؤنٹی نے مشتاق احمد سے مزید تین سال کا معاہدہ کرلیا ہے۔ عصرحاضر کے دو دیگر مشہور لیگ اسپنرز شین وارن اور انیل کمبلے بھی ہمپشائر اور نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ دانش کنیریا کے آئیڈیل عبدالقادر ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بنیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||