پاکستان کی پہلی پوزیشن کا انحصار انڈیا کی کارکردگی پر

پاکستان ایک برس سے بھی کم وقت میں دوسری پوزیشن پر دوبارہ آ گیا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنپاکستان ایک برس سے بھی کم وقت میں دوسری پوزیشن پر دوبارہ آ گیا ہے

سری لنکا کے ہاتھوں تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد جہاں آسٹریلیا کی ٹیم ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے سے تیسرے نمبر پر آ گئی ہے وہیں پاکستان کے پہلی پوزیشن پر جانے کی راہ میں حائل ایک رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔

آسٹریلیا کے تیسرے نمبر پر آنے کے نتیجے میں انڈیا عالمی درجہ بندی میں 112 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ پاکستان 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

اس وقت انڈیا اور پاکستان کے پوائنٹس میں صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے اور انڈیا کو پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا چوتھا اور آخری میچ لازماً جیتنا ہوگا۔

اگر انڈیا جمعرات سے شروع ہونے والا میچ ہار جاتا ہے یا یہ میچ برابر بھی رہتا ہے تو پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ جائے گا۔

شکست کی صورت میں انڈیا کے پوائنٹس کم ہو کر 108 رہ جائیں گے اور وہ درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر پہنچ جائے گا۔

میچ برابر رہنے کی صورت میں اسے دو پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑے گا اور یوں اس کا پاکستان سے ایک پوائنٹ کم ہو جائے گا اور وہ درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر آ جائے گا۔

ادھر کولمبو ٹیسٹ میں شکست کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں کے پوائنٹس برابر یعنی 108 ہیں لیکن اعشاریہ کے فرق کی وجہ سے آسٹریلیا کو تیسری اور انگلینڈ کو چوتھی پوزیشن حاصل ہے۔

آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد سری لنکا کے 95 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور اس ساتویں سے چھٹی پوزیشن پر آ گیا ہے۔

انڈیا کو اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھا میچ جیتنا ہو گا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنانڈیا کو اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھا میچ جیتنا ہو گا

درجہ بندی میں اگر پاکستان کی بات کی جائے تو ایک برس سے بھی کم مدت میں وہ دوسری بار درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

اس سے پہلے گذشتہ برس متحدہ عراب امارات میں کھیلی جانے والی سیریز میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد درجہ بندی میں دوسری پوزیشن میں آیا تھا۔

اگر پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے تو یہ 2003 میں درجہ بندی کا سلسلہ متعارف کروائے جانے کے بعد اس کا سرفہرست رہنے کا پہلا موقع ہوگا۔