ریو اولمپکس میں سنگاپور کا پہلا طلائی تمغہ

،تصویر کا ذریعہGetty
برازیل کے شہر ریو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں سنگاپور نے جہاں تاریخ کا اپنا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا وہیں امریکہ 50 تمغوں کے ساتھ بدستور پہلے جب کہ چین دوسرے نمبر پر ہے۔
ریو میں ایتھلیٹکس کا دور شروع ہو چکا ہے اور جمعے کو خواتین کی 10,000 میٹر دوڑ میں نیا ریکارڈ قائم ہوا۔
ایتھوپیا کی الماز آیانا نے سنہ 1993 میں چین کی وانگ جنشیا کے قائم کردہ عالمی ریکارڈ کو توڑ کر 10,000 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے یہ فاصلہ 29 منٹ اور 47.45 سیکنڈز میں طے کیا اور 14 سیکنڈ کے فرق سے نیا عالمی اور اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
دوسری جانب سنگاپور کے جوزف سکولنگ نے اپنے ملک کے لیے اولمپکس کی تاریخ کا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔
انھوں نے دنیا کے سب سے زیادہ طلائی تمغہ حاصل کرنے والے امریکی تیراک مائیکل فلپس کو 100 میٹر بٹر فلائی میں شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس سخت مقابلے میں تین افراد دوسرے نمبر پر رہے جن میں مائیکل فلپس کے ساتھ چاڈ کے لی کلوز اور ہنگری کے لیسزیلو شیہ شامل تھے۔
21 سالہ سکولنگ نے اس دوران نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔
امریکہ کے ایٹنی ارون نے مردوں کے 50 میٹر فری سٹائل تیراکی مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کر کے سب سے طویل عمر میں طلائی تمغہ جیتنے والے تیراک کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ انھوں نے 35 سال کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ سڈنی اولمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والے مشترک فاتح تھے۔ انھوں نے سنہ 2002 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اب وہ پھر سے امریکہ کی تیراکی ٹیم میں شامل ہیں۔ انھوں نے 100 میٹر فری سٹائل ریلے میں امریکہ کے لیے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty
سوئمنگ میں خواتین کے 50 میٹر فری سٹائل مقابلوں میں پاکستان کی تیراک لیانا سوان اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکیں۔ وہ شرکت کرنے والی 88 خواتین کے مقابلے میں 64 ویں نمبر پر رہیں۔
ڈائونگ میں روس کی نادیزدا بازہینا نے تین میٹر سپرنگ بورڈ مقابلے میں پھسل گئیں۔ اس طرح وہ اگلے راؤنڈ میں نہ جا سکیں۔
دوسری جانب جوڈو کے مقابلے میں شرکت کرنے والے مصر کے کھلاڑی اسلام الشہابی نے اپنے اسرائیلی حریف اوس سیسن سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا اور ہارنے کے بعد لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں ایران کے ویٹ لفٹر نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا جو کہ ریو اولمپکس میں ایران کا پہلا تمغہ تھا۔
ایرانی ویٹ لفٹر کیانوش رستمی نے مجموعی طور پر 396 کلوگرام وزن اٹھا کر نیا عالمی اور اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
سائیلنگ میں چین کی خواتین ٹیم نے سپرنٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
شوٹنگ کے مقابلے میں پاکستان کے جی ایم بشیر کو پستول کے 25 میٹر ریپڈ فائرنگ میں پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں 17 ویں پوزیشن حاصل ہوئی۔
ٹینس میں مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں سپین کے رفائل نڈال اور مارک لوپیز کی جوڑی نے طلائی تمغہ حاصل کیا جب کہ خواتین کے سنگلز میں پیورٹوریکو کی مونیکا پوئگ فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
ٹینس کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں انڈیا کی ثانیہ مرزا اور بوپنا کی جوڑی سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئي۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ٹینس سے ایک بری خبر یہ ہے کہ فرانس کی قومی ٹیم کے فیزیوتھیراپسٹ پیٹرک بوڈيئر کی موت ہو گئی۔ وہ بے ہوش ہو کر گرے اور انتقال کر گئے۔ وہ گذشتہ دو سال سے ٹیم کے ساتھ وابستہ تھے۔
دوسری جانب جرمنی کی کشتی رانی ٹیم کے کوچ سٹیفن ہینز کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ان کی کار کا ایکسیڈنٹ ہو گيا۔ جرمنی کی اولمپک ٹیم نے کہا کہ سنہ 2004 میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہینز کی حالت نازک ہے۔
جمعے کو ہاکی کے مقابلے میں انڈیا کی مینس ٹیم کا کینیڈا کے ساتھ دو دو گول کے ساتھ مقابلہ برابر رہا اور اب وہ اپنے گروپ میں چوتھے نمبر پر ہے۔







