’ہم گروپ آف ڈیتھ کے عادی ہوگئے ہیں‘

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے بہت ہی زبردست پرفارمنس دکھا کر خود کو دباؤ سے نکالا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمحمد حفیظ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے بہت ہی زبردست پرفارمنس دکھا کر خود کو دباؤ سے نکالا ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولکتہ

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹسمین محمد حفیظ کے لیے اب یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کہ وہ پاکستانی ٹیم کو ہمیشہ گروپ آف ڈیتھ میں دیکھتے آئے ہیں۔

ان کے نزدیک اب صرف ایک ہی اہم بات ہے کہ جس شاندار انداز میں ابتدا ہوئی ہے اسے اگلے میچوں میں بھی جاری رکھا جائے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹی20 میں پاکستانی ٹیم انڈیا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ ٹو میں ہے جسے مبصرین گروپ آف ڈیتھ کہہ رہے ہیں۔

محمد حفیظ کہتے ہیں کہ وہ چار ورلڈ ٹی 20 کھیل چکے ہیں اور انھوں نے ہمیشہ پاکستانی ٹیم کو گروپ آف ڈیتھ میں ہی پایا ہے اور وہ اس کے عادی ہوچکے ہیں۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے تاخیر سے بھارت پہنچی لیکن خوشی ہے کہ وارم میچ کے بعد اب اس اہم میچ میں بھی وہ بہت اچھا کھیلی۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم جس طرح کا کھیل کھیلنا چاہتی تھی وہ کھیلنے میں کامیاب ہوئی اور وہ تمام بیٹسمین جو فارم میں نہیں تھے اچھا کھیلے اور ان کا اعتماد بحال ہوا۔

ان کے خیال میں شاہد آفریدی نے بہت ہی زبردست پرفارمنس دکھا کر خود کو اس دباؤ سے نکالا ہے جو ان پر میڈیا اور پرستاروں کی جانب سے قائم تھا۔

آفریدی اپنے مخصوص انداز میں جب بھی بیٹنگ کرتے ہیں اپنے پرستاروں کو خوش کردیتے ہیں اور ان کی کارکردگی ٹیم کے بھی کام آتی ہے۔

محمد حفیظ شاہد آفریدی کے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے فیصلے کو اہم اور درست قرار دیتےہوئےکہتے ہیں کہ اس سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوا۔

محمد عامر کی ٹیم میں واپسی پر اصولی اختلاف رائے رکھنے والے محمد حفیظ ان کی اچھی بولنگ کی تعریف کرنے میں بھی کسی طرح پیچھے نہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ انھیں جب بھی گیند دی جاتی ہے وہ اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھاتے ہیں۔

محمد حفیظ کے مطابق محمد عامر کے علاوہ دوسرے بولرز بھی اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔