دو ناکامیوں کے بعد پاکستانی ٹیم کی پریکٹس منسوخ ، میٹنگ طلب

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کرائسٹ چرچ
پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پے در پے دو بڑی ناکامیوں کے بعد اس قدر شدید دباؤ میں ہے کہ اس نے پیر کے روز برسبین میں پہلے سے طے شدہ پریکٹس بھی نہیں کی اور اس کی جگہ منیجمنٹ نے کھلاڑیوں سے اہم میٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پاکستانی ٹیم اتوار کی شام کرائسٹ چرچ سے برسبین پہنچی تھی اور پیر کی صبح اسے پہلا پریکٹس سیشن کرنا تھا۔
<link type="page"><caption> دن کی روشنی میں پاکستان کی دنیا اندھیر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2015/02/150221_cwc_westindies_match_analysis_zs" platform="highweb"/></link>
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر کرنے والے میڈیا منیجر آغا اکبر نے بی بی سی کے استفسار پر اس بات کی تصدیق کی کہ پیر کے روز ہونے والی ٹیم پریکٹس منسوخ کردی گئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی جمنازیم میں ایکسرسائز وغیرہ کریں گے۔
ٹیم منیجمنٹ پیر کی شام کھلاڑیوں سے اہم میٹنگ کرنے والی ہے جس میں دو بڑی ناکامیوں کی وجوہات جاننے کے علاوہ آئندہ کے میچوں کے لیے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کی کوشش کی جائے گی اور ان پر زور دیا جائے گا کہ وہ اگلے میچوں میں بہتر کارکردگی کو یقینی بنائیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف برسبین میں ہے اور ٹیم اب مزید شکست کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ اس صورت میں اسے وطن واپسی کا منہ دیکھنا پڑسکتا ہے ۔
پہلے دو میچوں کی ہزیمت کے بعد پاکستان بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا ہے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر سخت تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی ٹیم پر ہونے والی تنقید کے بعد ٹیم منیجمنٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پالیسی کو اپنا تے ہوئے کھلاڑیوں کو میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عام طور پر ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر کسی نہ کسی کھلاڑی کی میڈیا سے بات کرائی جاتی ہے لیکن موجودہ صورتحال میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی تین روز تک ہونے والے پریکٹس سیشن میں میڈیا سے بات چیت کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔







