’معین جوا خانے گئے یا نہیں، تحقیقات کر رہے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کے کرکٹ بورڈ نے کرائسٹ چرچ کے مقامی اخبارات میں پاکستانی چیف سلیکٹر معین خان کے ایک جوا خانے میں دیکھنے جانے کی خبروں پر ان سے وضاحت طلب کی ہے۔
خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ کے مقامی اخبارات کے مطابق معین خان کو مقامی کیسینو میں دیکھا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے معین خان سے اس معاملے پر بات کی ہے۔
کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اس بات کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ آیا معین خان کیسینو میں گئے تھے یا نہیں اور اگر گئے تو کیا کرنے گئے تھے۔
شہر یار خان کے مطابق ’میں اڑتی ہوئی خبر پر یقین نہیں رکھتا اور اسی لیے اس معاملے کی تحقیقات کروا رہا ہوں۔‘
بی بی سی سے بات چیت کے بعد شہریار خان نے لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر قواعد کی کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو ایکشن لیا جائے گا۔
اس سے پہلے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف پے در پے دو بڑی ناکامیوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے ٹیم کے کپتان، ٹیم مینیجر اور ہیڈ کوچ سے کہا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہے اور اس میں بہتری لائے جائے۔
شہریار خان نے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق، ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے بات کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب ٹیم مینیجمنٹ نے ٹیم کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کی ہے جس میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر بات کی گئی ہے۔
مینیجمنٹ نے ٹیم پر زور دیا کہ اگلے میچوں میں بہتر کارکردگی کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ ٹیم مینیجمنٹ نے ٹیم کے ساتھ میٹنگ کے لیے پیر کو ہونے والے پریکٹس سیشن کو منسوخ کردیا تھا۔







