ومبلڈن میں اپ سیٹس کا دن، ندال اور شیراپووا باہر

منگل کا دن ومبلڈن میں اپ سیٹس کا دن ثابت ہوا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمنگل کا دن ومبلڈن میں اپ سیٹس کا دن ثابت ہوا

لندن میں جاری لان ٹینس کے ومبلڈن گرینڈ سلیم مقابلوں میں آسٹریلیا کے نوعمر نک کرگیوس نے سال کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک رافیئل ندال کو شکست دے دی ہے۔

19 سالہ کرگیوس وائلڈ کارڈ کے ذریعے ٹورنامنٹ میں شامل ہوئے تھے اور انھوں نے منگل کو چوتھے راؤنڈ کے میچ میں ندال کو سخت مقابلے کے بعد سات چھ، پانچ سات، سات چھ اور چھ تین کے سکور سے ہرایا۔

کرگیوس جن کی عالمی درجہ بندی 144 ہے اور یہ 1992 کے بعد پہلا موقع ہے کہ عالمی درجہ بندی میں ابتدائی سو کھلاڑیوں سے باہر کے کسی کھلاڑی نےگرینڈ سلیم مقابلے میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو ہرایا ہے۔

یہ لگاتار چوتھا برس ہے کہ ندال ومبلڈن کے کوارٹر فائنل مرحلے میں نہیں پہنچ سکے ہیں۔

وہ ماضی میں سنہ 2008 اور 2010 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں لیکن گذشتہ برس وہ ٹورنامنٹ میں پہلے راؤنڈ کے مہمان ہی ثابت ہوئے تھے۔

اس ٹورنامنٹ میں 27 سالہ ندال نے اپنے ہر میچ میں پہلا سیٹ ہارنے کے بعد بقیہ تینوں سیٹ جیت کر میچ جیتا لیکن اس مرتبہ وہ کرگیوس کے خلاف یہ کارکردگی نہیں دہرا سکے۔

شیراپووا کا دوسری مرتبہ ومبلڈن جیتنے کا خواب ادھورا ہی رہ گیا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنشیراپووا کا دوسری مرتبہ ومبلڈن جیتنے کا خواب ادھورا ہی رہ گیا

سینٹر کورٹ پر فتح کے بعد بی بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کرگیوس نے کہا کہ ’میں وہاں ایک اور ہی دنیا میں تھا اور مجمع پر میں نے زیادہ توجہ نہیں دی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں ندال کی سروس واپس کرتے ہوئے ذرا مشکل کا شکار ہوا لیکن میں نے اس پر توجہ دی اور خود پورے میچ میں بہت اچھی سروس کی۔ میں بہت زیادہ خوش ہوں۔‘

کرگیوس کا کہنا تھا کہ ’آپ کو آغاز سے ہی یقین ہونا چاہیے کہ آپ میچ جیت سکتے ہیں اور مجھے یہ یقین تھا۔ میں گھاس پر بہت اچھا کھیل رہا ہوں۔‘

منگل کا دن ومبلڈن میں اپ سیٹس کا دن ثابت ہوا اور ایک اور سابق چیمپیئن ماریا شراپووا بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں۔

چوتھے راؤنڈ کے میچ میں شراپووا کو جرمنی کی اینجليك كربر نے سات چھ، چار چھ اور چھ چار کے سکور سے شکست دی۔

شراپووا نے دس برس قبل ومبلڈن جیتا تھا۔ ان سے پہلے سرينا ولیمز اور سیکنڈ سینڈ لی نا بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔