رائل چیلنجرز بنگلور نے یوراج کو 14 کروڑ روپے میں خرید لیا

،تصویر کا ذریعہReuters
انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی نیلامی میں بھارتی آل رآؤنڈر یوراج سنگھ اس ایڈیشن کے سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں اور رائل چیلنجرز بنگلور نے ان کی خدمات 14 کروڑ روپے کے عوض حاصل کی ہیں۔
بنگلور میں بدھ کو ہونے والی نیلامی میں مجموعی طور پر 514 کھلاڑی پیش کیے گئے ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی بولی بھارتی روپے میں لگ رہی ہے۔
اس نیلامی میں یوراج سنگھ کی بنیادی قیمت دو کروڑ روپے رکھی گئی تھی لیکن آر سی بی کے مالک وجے مالیا نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے 14 کروڑ روپے یا 23 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر کی حتمی بولی دی۔
یوراج کے علاوہ جس بھارتی کھلاڑی کی قیمت گذشتہ برس کے مقابلے میں بڑھی وہ دنیش کارتک تھے جنھیں دہلی ڈیئر ڈیولز نے ساڑھے 12 کروڑ روپے میں خریدا۔
دہلی ڈیئر ڈیولز نے ہی رائٹ ٹو میچ کارڈ استعمال کرتے ہوئے انگلش بلے باز کیون پیٹرسن کی خدمات دوبارہ نو کروڑ میں حاصل کیں جبکہ تمل ناڈو کے بلے باز مرلی وجے کو پانچ کروڑ روپے میں خریدا۔
نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں میں اچھی بولنگ کرنے والے محمد شامی بھی سوا چار کروڑ روپے کے عوض دہلی ڈیئر ڈیولز کا حصہ بنے۔
تاہم دہلی کے جارحانہ بلے باز وریندر سہواگ کو امید کے مطابق قیمت نہیں ملی اور کنگز الیون پنجاب نے انھیں تین کروڑ 20 لاکھ روپے میں خریدا۔
گزشتہ نیلامی میں بڑی رقم حاصل کرنے والے یوسف پٹھان کو اس بار تین کروڑ 25 لاکھ روپے ہی مل پائے۔ انہیں ان کی پرانی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ہی خریدا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے برعکس کولکتہ نے اپنے ایک اور آل راؤنڈر جنوبی افریقہ کے ژاك کیلس کے لیے ساڑھے پانچ کروڑ روپے ادا کیے۔
تنازعات
اب ایسا نہیں ہے کہ آئی پی ایل میں صرف کرکٹ ہی کھیلا جاتا ہے. اس کے ساتھ متعلقہ تنازعہ بھی کم نہیں ہے۔
- حالیہ تنازع تو چنئی سپر کنگز کے افسر کے طور پر بی سی سی آئی کے صدر این شری نواسن کے داماد گروناتھ کے میچوں کے دوران سٹے بازی اور ٹیم کی اطلاعات لیک کرنے کے حوالے سے ہے۔
- آئی پی ایل میں کھلاڑی بھی کم متنازع نہیں رہے۔ راجستھان رائلز کے ایس شری سنت، سپنر اكت چوان، امت سنگھ اور سدھارتھ ترویدی کو سپاٹ فکسنگ کے الزامات میں جیل جانا پڑا۔
- اس کے علاوہ ہربھجن سنگھ کی طرف سے سری سنت کو لگایا گیا تھپڑ کون بھول سکتا ہے۔ وہ تھپڑ ہربھجن سنگھ کو بہت مہنگا پڑا۔
- اتنا ہی نہیں آئی پی ایل کے سابق کمشنر للت مودی پر بھی سنگین الزام لگے اور انہوں نے تو یہاں تک کہا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔
- آئی پی ایل پارٹی اور چيئر ليڈرز سے متعلق واقعات بھی آئی پی ایل کو متنازع بناتے رہے ہیں۔
اب دیکھنا ہے کہ آئی پی ایل کے ساتویں ایڈیشن میں کیا کچھ ہوتا ہے لیکن اس سے پہلے سب کی دلچسپیاں تو بدھ کو کھلاڑیوں کی نیلامی میں ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP







