سیرینا ولیمز نے یو ایس اوپن جیت لیا

سیرینا کا 17 واں گرینڈ سلیم خطاب
،تصویر کا کیپشنسیرینا کا 17 واں گرینڈ سلیم خطاب

عالمی نمبر ایک کھلاڑی سیرینا ولیمز نے نیویارک کے فلشنگ میڈوز میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد وکٹوریا ازارینکا کو ہرا کر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خواتین کا مقابلہ جیت لیا ہے۔

31 سالہ امریکی کھلاڑی نے بیلاروس سے تعلق رکھنے والی مدِمقابل کو 5-7، 7-6 اور 1-6 سے ہرایا۔

اس کے ساتھ ہی ولیمز کے گرینڈ سلیم سنگل ٹائٹلز کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ وہ ایک اور گرینڈ سلیم جیت کر وہ کرس ایورٹ اور مارٹینا نیوراٹیلووا کی فہرست میں شامل ہو جائیں گی۔ تاہم خواتین کے گرینڈ سلیم کا ریکارڈ مارگریٹ کورٹ کے پاس ہے جنھوں نے 24 مقابلے جیتے تھے۔

ولیمز کو پہلے دو سیٹوں میں ازارینکا سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے میچ کے بعد انھوں نے ازارینکا کے بارے میں کہا: ’ویکا بہت زبردست حریف ہے، وہ بہت اچھی فائٹر ہے اور اسی لیے اس نے کئی گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔ اسی لیے ان کے ساتھ کھیلتے ہوئے میچ پوائنٹ جیتنے سے قبل میچ کوئی رخ اختیار کر سکتا ہے۔‘

24 سالہ ازارینکا نے اس سال ولیمز کو دو بار شکست دی ہے۔ انھوں نے میچ کا آغاز بہت عمدہ انداز میں کیا تھا، لیکن بعد میں دو غلطیوں نے سیٹ ولیمز کی گود میں ڈال دیا۔

ولیمز نے پہلا سیٹ تو جیت لیا لیکن دوسرے سیٹ میں ازارینکا نے تیز ہوا کا بہتر استعمال کرتے ہوئے ولیمز کو شکست دے دی۔ ولیمز کی سکرٹ بھی ان کی راہ میں حائل ہوتی رہی کیوں کہ وہ میچ کھیلنے کے لیے موزون نہیں تھی۔

تاہم آخری سیٹ میں ولیمز نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، دوسری طرف ازارینکا نے بھی پے در پے غلطیاں کیں جن کی بنا پر ولیمز نے آسانی سے سیٹ اور میچ جیت لیا۔ ازارینکا نے میچ کے بعد کہا:

’یہ بڑی سخت شکست تھی، لیکن فائنل میں پہنچنا اور بہترین کھلاڑی کے ساتھ کھیلنا بہت شاندار ہے۔ وہ جیتنے کی مستحق تھیں۔‘