حسن علی: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا سیمی فائنل میں حسن علی نے اہم موقع پر کیچ ڈراپ کر دیا، سوشل میڈیا صارفین آسٹریلیا سے شکست پر غم زدہ

حسن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

'کیا حسن علی نے ورلڈکپ گرا دیا۔'

آسٹریلیا کو آخری 10 گیندوں پر جیت کے لیے 20 رنز درکار تھے، شاہین شاہ آفریدی اچھی بولنگ کا مظاہرہ کر رہے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یہ میچ آخری اوور کے سنسنی خیز مراحل تک جائے گا۔

لیکن پھر میتھیو ویڈ نے لیگ سائیڈ پر جارحانہ شاٹ کھیلی گیند ہوا میں بلند ہوئی، پہلے پہل ایسے محسوس ہوا کہ شاید یہ چھکے کے لیے جا رہی ہے، لیکن پھر فریم میں حسن علی آئے اور انھوں نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔

میتھیو ویڈ اس وقت 21 رنز پر کریز پر موجود تھے اور خاصی خطرناک فارم میں دکھائی دے رہے تھے۔

حسن علی پورے ورلڈ کپ میں اچھی بولنگ فارم میں نہیں دکھائی دیے اور ان میں خود اعتمادی کا فقدان بھی خاصا عیاں تھا لیکن ایک انتہائی پریشر میچ کے سب سے نازک مرحلے پر گیند بھی حسن علی کا تعاقب کرتی ہوئی ان تک پہنچی، اور انھوں نے میتھیو ویڈ کو ایک زندگی بخش دی۔

پھر اگلی تین گیندیں تین چھکوں کے لیے باؤنڈری لائن پار کر گئیں اور پاکستان آسٹریلیا سے پانچ وکٹوں سے ہار گیا اور ناک آؤٹ میچوں میں آسٹریلیا سے نہ جیتنے کا کفر آج بھی نہیں ٹوٹ پایا۔

حسن علی بولنگ کے اعتبار سے بھی خاصے مہنگے رہے، اور انھوں نے چار اوورز میں 44 رنز دیے۔ کہتے ہیں جب آپ کا دن اچھا نہ ہو تو اکثر اوقات آپ کے ساتھ کچھ بھی اچھا نہیں ہوتا یہی آج حسن کے ساتھ دیکھنے کو ملا۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی ٹویٹ کر کے ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے لکھا کہ 'بابر اور ٹیم سے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ: مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ آپ لوگ اس وقت کیسے محسوس کر رہے ہیں کیونکہ میں نے کرکٹ گراؤنڈ پر ایسی ہی مایوسیوں کا سامنا کیا ہے۔

'لیکن آپ سب کو اس بات پر فخر کرنا چاہیے کہ آپ نے کوالٹی کرکٹ کھیلی اور جیت کے بعد بردباری کا مظاہرہ کیا۔ آسٹریلیا کو مبارکباد۔'

حسن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تاہم کیچ ڈراپ ہونے کے بعد شعیب ملک حسن علی کے پاس گئے اور انھیں دلاسہ بھی دیا جسے کمنٹیٹرز کی طرف سے بھی سراہا گیا، وہاں موجود مداحوں کی جانب سے بھی پذیرائی ملی اور سوشل میڈیا پر بھی متعدد افراد شعیب ملک کی تعریف کر رہے ہیں۔

محسن ملک اور لاتعداد دیگر صارفین نے لکھا کہ کسی کو نہیں معلوم کے حسن علی کس کرب سے گزرے جب انھوں نے یہ کیچ ڈراپ کیا۔ شعیب ملک کی طرح بنیں۔

hasan

،تصویر کا ذریعہTwitter/Mohsin

سوشل میڈیا پر صارفین آسٹریلیا سے ایک بار پھر ہارنے پر خاصے غم زدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم کچھ صارفین حسن علی کے لیے پریشان بھی ہیں۔

رجا اشرف نامی صارف نے لکھا کہ ’حسن علی کو اتنی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا، بیچارہ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم نے آسٹریلیا کو بہت سخت مقابلہ دیا۔‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter/Rija

ایک صارف زینب فاطمہ نے لکھا کہ ’حسن علی کو چھوڑ کے باقی سب نے اپنی طرف سے بہت اچھا پرفارم کیا پورے ٹورنامنٹ میں۔‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter/Zaine

عمیر حسن نے لکھا کہ ’میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ حسن علی اس وقت کیسا محسوس کر رہے ہوں گے، میری درخواست ہے کہ تمام کھلاڑیوں کی حمایت کریں، ان سب نے اپنی طرف سے اچھا پرفارم کیا۔‘

ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter/umairhsn

کامران نامی صارف نے تنقید کی اور کہا کہ ’حسن علی اتنے برے بولر اور فیلڈر ثابت ہوئے، مجھے نہیں پتا انھیں ٹیم میں کیوں شامل کیا گیا، اور حفیظ کو اوور دینا بھی غلط فیصلہ تھا۔ کسی نے وکٹوں کو ڈائریکٹ ہٹ نہیں ماری۔ آسٹریلیا بہت اچھا کھیلا۔‘

ایک صارف تجلا نے لکھا کہ ’تم جیتو یا ہارو ہمیں تم سے پیار ہے، سوائے حسن علی کے۔‘

rkr

،تصویر کا ذریعہTwitter/@SameerKhosa

سمیر کھوسا نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'حسن علی، مجھے معلوم ہے کہ زندگی سخت ہے۔ لیکن یہ بات یاد رکھیں، بین سٹوکس کو ورلڈ کپ فائنل کے ایک اوور میں چار چھکے لگے تھے اور پھر انھوں نے ورلڈ کپ بھی جیتا تھا اور لاتعداد میچ بھی۔ آپ ایک سپرسٹار ہیں۔ آپ کے پاس ایک کرکٹ میچ کے دوران متعدد ایسے بہترین لمحات آئیں گے۔ ٹیم پاکستان، آپ پر ہمیں فخر ہے۔