آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل 2021: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ کے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے چھٹے سیزن کے آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو کھیلنے کی دعوت دی۔ کراچی کِنگز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر انیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو 88 جبکہ افتخار احمد 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
افتخار احمد نے 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ منرو نے 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں سے 88 رنز بنائے۔
اس سے قبل عثمان خواجہ 12 جبکہ محمد اخلاق صرف ایک رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئے۔ کراچی کنگز کے وقاص مقصود اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب کراچی کِنگز کے اوپنر بابر اعظم نے 54 گیندوں پر شاندار 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ نجیب اللہ زدران نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
شرجیل خان 25 رنز اور مارٹن گپٹل صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ تھسارا پریرا بغیر کوئی رن بنائے ہی آؤٹ ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حسن علی، عاکف جاوید، علی خان اور محمد وسیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ 12 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت اسلام آباد یو نائیٹڈ کی پوزیشن ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ مستحکم ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر ردعمل
کرکٹ تجزیہ کار ساج صادق نے لکھا: ’یہ کرکٹ کا ایک بہت بڑا معمہ ہے کہ جب افتخار احمد پاکستان کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں تو انھیں کیا ہو جاتا ہے، وہ پی ایس ایل کی طرح بلے بازی کیوں نہیں کرتے۔‘
زینب عباس نے لکھا: ’کچھ دن قبل اسلام آباد نے صرف 10 اوورز میں 134 کا ہدف حاصل کر لیا اور اب وہ باآسانی 190 کا ہدف مکمل کر رہے ہیں۔ ٹیم سلیکشن کارآمد ثابت ہو رہی ہے۔‘
زید نامی صارف، جو بظاہر اسلام یونائیٹڈ کے فین دکھائی دیے، نے کراچی کنگز کی شکست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’کراچی کنگز کے فینز کے لیے اب انڈر گراؤنڈ ہونے کا وقت آ گیا ہے۔‘
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں یہ کھلاڑی شامل ہیں۔
کراچی کنگز: عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈو والٹن، تھسارا پریرا، محمد عباس، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال۔
اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، حسن علی، محمد اخلاق، محمد وسیم جونیئر، علی خان، عاکف جاوید۔