پاکستان سپر لیگ کا چھٹا میچ: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے تین وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ اس بڑے ہدف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور کی پہلی بال پر ہی پورا کر لیا۔ میچ کے دوران وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کی رنز بنانے کی اوسط متاثر نہیں ہوئی۔

میچ کے آخری لمحات میں آصف علی نے صرف نو گیندوں پر 21 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔ افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 49 رنز بنائے۔ آج کے میچ کی خاص بات حسین طلعت اور افتخاراحمد کے درمیان 67 گیندوں پر 94 رنز کی شراکت تھی، جس نے اسلام آباد کے لیے فتح کو یقینی بنا دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین فل سالٹ تھے، جو کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو محمد عامر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ جارحانہ انداز میں کھیلنے والے ایلکس ہیلز آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جنھوں نے صرف 21 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔

وہ وقاص مقصود کی نسبتاً ایک سلو بال پر قریب ہی ایک آسان کیچ پکڑا بیٹھے۔ عامر یامین کے پہلے اوور میں الیکس ہیلز نے 29 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین فہیم اشرف تھے جو ارشد اقبال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی حسین طلعت تھے جو محمد نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت پر سوشل میڈیا پر ردعمل

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت پر سب سے زیادہ خوش شاید آج اسلام آباد یونائیٹڈ ہی ہے۔ انھوں نے اس جیت پر ٹوئٹر پر آ کر جشن منایا اور یہ نعرہ بلند کیا کہ وہ یہ میچ جیت گئے ہیں۔ اگر کسی نے صرف پہلی اننگز دیکھی ہو اور اسلام آباد کی فتح کی خبر پر یقین نہ آ رہا ہو تو ان کی اطلاع کے لیے ٹیم نے یہ ٹویٹ کیا ہے۔

صارف میاں عمر نے آصف علی کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے سنگل لینا تو مشکل کام ہے مگر چھکا لگانا ان کی عادت بن چکی ہے۔

حورین عثمان نے ایموجی کے ذریعے آج کے میچ پر تبصرہ کیا۔ انھوں نے چند گھنٹے پہلے ہی اسلام آباد کی جیت کی پیشگوئی کر دی تھی:

کراچی کنگز کی اس شکست کو ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین سے زیادہ کون سمجھ سکتا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اب 196 رنز کا ہدف بھی کوئی محفوظ ہدف نہیں رہ گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز نے بھی اس سیزن میں اپنے دونوں میچ ہارے ہیں۔ منگل کے میچ میں تو ملتان سلطانز نے 190 سے زائد کا ہدف دیا مگر پھر بھی بات نہیں بن سکی۔

ان کے خیال میں کراچی کنگز کا پی ایس ایل کی تاریخ کا ایک تاریخی آغاز بھی رائیگاں چلا گیا۔

پاکستان سپر لیگ نے بھی آج کے میچ پر اپنے اکاؤنٹ سے تبصرہ کیا ہے۔

پی ایس ایل کی انتظامیہ نے پہلے چھ اوورز کے کھیل کی جھلکیاں شئیرز کرتے ہوئے لکھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ ایک بڑا ہدف حاصل کیا گیا ہے مگر پاور پلے میں ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ جیت منطقی انداز میں اپنے نام کر لی تھی۔

کراچی کنگز کی پرفارمنس کیسی رہی؟

کراچی کنگز کے محمد عامر نے چار اوورز میں ایک وکٹ حاصل کر کے 11 رنز فی اوور کے حساب سے 44 رنز دیے۔ وہ مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔ عامر یامین نے ایک اوور میں 29 رنز دیے۔ کراچی کنگز کے محمد نبی اسلام آباد یونائیٹڈ کے رنز کی رفتار کو کم کرنے میں کامیاب رہے۔ انھوں نے چار اوورز میں 26 رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے چار اوورز میں 32 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کے اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کسی بھی وکٹ کے لیے پاکستان سپر لیگ کی سب سے بڑی شراکت قائم کی۔ اس سے قبل 2019 میں کراچی کنگز کے لیونگ اسٹون اور بابراعظم نے پہلی وکٹ کے لیے ملتان کے خلاف157 رنز بنائے تھے۔

آج کے میچ میں بابر اعظم نے 62 رنز بنائے جبکہ آج پی ایس ایل میں شرجیل خان نے دوسری سینچری مکمل کی۔

شرجیل خان نے نویں اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے اوور میں مسلسل چار چھکے بھی لگائے۔

اس سے قبل انھوں نے 2016 میں پشاور زلمی کے خلاف 117 رنز بنائے تھے۔ خیال رہے کہ 2016 میں وہ اسلام اباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے۔

شرجیل خان 70 رنز پر کیچ ہوگئے لیکن محمد وسیم کی گیند نوبال ہو گئی۔

بابر اعظم ایک اینڈ کو سنبھالے ہوئے تھے۔ دوسری طرف شرجیل جارحانہ انداز میں کھیل رہے تھے بابر اعظم کو 54 اور 55 رنز پر کیچ ہو گئے مگر دونوں بار نو بال کا اشارہ دے دیا۔

دونوں ہی ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ میں ایک ایک میچ کھیلا ہے اور دونوں ہی اپنے میچز میں کامیاب رہے ہیں تاہم کراچی کنگز زیادہ رن ریٹ سے فتح کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ پر برتری کی حامل ٹیم ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے درمیان 15 میچ کھیلے جاچکے ہیں نو میں اسلام آباد نے کامیابی حاصل کی ہے چھ میں کراچی کی ٹیم فاتح رہی ہے۔

آج کا میچ جیت کر اسلام آباد نے پوائنٹ ٹیبل پر اپنی پوزیشن دو پوائنٹ کے ساتھ مضبوط کر لی ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کنگز دفاعی چیمپیئن ہیں جنھوں نے گذشتہ سال کا پی ایس ایل ٹائٹل جیتا تھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ سب سے زیادہ یعنی دو مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی ٹیم ہے۔

عماد وسیم کراچی کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں جبکہ شاداب وسیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کر رہے ہیں۔

آج کے میچ میں امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار اور راشد ریاض نے ادا کیے جبکہ ٹی وی امپائرنگ رچرڈ النگورتھ نے کی۔