آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ڈیاگو میراڈونا: ارجنٹائن کے فٹبال سٹار کی دولت وارثوں میں تقسیم کرنا آسان کیوں نہیں ہوگا؟
- مصنف, جوشوا نیویٹ
- عہدہ, بی بی سی نیوز
متعدد جائیدادیں، نایاب تصاویر کے حقوق اور بیلاروس سے آیا ایک ٹینک جو پانی میں بھی چل سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ارجنٹائن کے سابق فٹبالر ڈیاگو میراڈونا اپنی وفات کے بعد وراثت میں ایسی کئی قیمتی چیزیں چھوڑ کر گئے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کے دوران وہ 60 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ ہم ان کی ذاتی زندگی سے متعلق ایسی کئی چیزوں کا ذکر سنتے تھے لیکن اب ان کی مالی وراثت کا مستقبل بھی پیچیدہ دکھائی دیتا ہے۔
ان کی موت کے بعد سے ان کے اثاثوں سے متعلق قیاس آرائیاں ہوئی ہیں اور اس بارے میں یہ بات ہو رہی ہے کہ ان کے وارثوں میں ان چیزوں کی تقسیم کرنا آسان نہیں ہوگا۔
میراڈونا کا خاندان بہت بڑا ہے۔ چھ مختلف خواتین سے تعلقات کے بعد ان کے کم از کم آٹھ بچے ہیں۔ توقع ہے کہ ان کی وراثت تمام بچوں میں برابر تقسیم کی جائے گی۔
لیکن ان کے وصیت نامے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ ارجنٹائن میں قانونی ماہرین اور صحافی متفق ہیں کہ یہ عمل سیدھا سادہ نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھیں لگتا ہے کہ وراثت کی تقسیم سے قبل خاندانی جھگڑے، ڈی این اے ٹیسٹ اور ولدیت کے مزید دعوے سامنے آئیں گے۔ لیکن ابھی تو وکلا میراڈونا کے کُل اثاثوں کی مجموعی قیمت کا تخمینہ لگا رہے ہیں۔
دارالحکومت بیونس آئرس میں وکیل ایلیئس جوف کہتے ہیں کہ ’میری پیشگوئی ہے کہ وراثت کی تقسیم کا عمل بہت الجھ سکتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اس میں بہت وقت لگے گا۔‘
میراڈونا کے بچے کون ہیں؟
میراڈونا کی رنگین زندگی میں ولدیت کے دعوے ایک عام سی بات رہے ہیں۔
ان کی ایک بیٹی نے ایک مرتبہ مذاق میں کہا تھا کہ سابق فٹبالر چاہیں تو اس بڑھتے خاندان کی بنا پر ایک دم 11 لوگوں کی فٹبال ٹیم بنا سکتے ہیں۔
کئی برسوں تک میراڈونا اپی دو بیٹیوں 31 سالہ جیانینا اور 33 سالہ دالما کے علاوہ دیگر بچوں کی ولدیت سے انکار کرتے رہے۔ ان بچوں کی والدہ میراڈونا کی سابقہ اہلیہ کلاؤڈیا ویلافین ہیں جن سے 20 سال شادی کے بعد انھوں نے 2003 میں طلاق لے لی تھی۔
اس کے بعد میراڈونا نے چھ مزید بچوں کی ولدیت کا اعتراف کر لیا تھا۔
سنہ 2010 کی دہائی میں انھوں نے 34 سالہ ڈیاگو جونیئر اور 24 سالہ جینا کو تسلیم کر لیا تھا لیکن اس کے لیے ان کی ماؤں کو میراڈونا سے عدالتی جنگ لڑنا پڑی تھی۔ ان خواتین کے ساتھ میراڈونا کے تعلقات رہے تھے۔
سال 2013 میں ان کے دوسرے بیٹے سات سالہ ڈیاگو فرنینڈو کی پیدائش کے بعد کوئی جھگڑا ہوئے بغیر انھیں فوراً تسلیم کر لیا گیا تھا۔
پھر سال 2019 میں میراڈونا کے شائقین کو ایک اور حیرانی اس وقت ہوئی جب ان کے وکیل نے اعلان کیا کہ کیوبا میں ان کے مزید تین بچے ہیں۔ انھوں نے یہاں سنہ 2000 کے بعد کئی سال گزارے تھے تاکہ اپنی کوکین کی لت کا علاج کروا سکیں۔
لیکن اب ہم موجودہ تاریخ پر پہنچ گئے ہیں۔ اب مزید دو بچوں کا اضافہ ہوا ہے جن میں 19 سالہ لارا اور 23 سالہ گِل ہیں۔ دونوں کا ماننا ہے کہ میراڈونا ان کے والد ہیں۔ دونوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ ثابت کرنے کے لیے قانونی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ ایسا کرنے کے بعد ہی وہ میراڈونا کی وراثت میں سے اپنا حصہ لے سکیں گے۔
لارا کے وکیل نے پہلے ہی عدالت سے گزارش کر دی ہے کہ میراڈونا کے مردہ جسم میں سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے جائیں۔ اگر لارا اور گِل یہ ثابت کر دیتے ہیں کہ میراڈونا ان کے والد ہیں تب بھی یہ غیر واضح ہے کہ انھیں وراثت میں سے کچھ مل پائے گا یا نہیں۔
میراڈونا کی دولت کا کل تخمینہ کیا ہے؟
ارجنٹائن کے فٹبالر کی کل دولت یا ان کے اثاثوں کی کوئی مجموعی فہرست کہیں شائع نہیں ہوئی۔ ذرائع ابلاغ کی کچھ خبروں میں اس حوالے سے قیاس آرائی کی گئی ہے کہ کل دولت کے تخمینے کے دو طریقے ہیں۔
پہلے طریقے میں میراڈونا کے اثاثوں کی کل قیمت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ اس میں ان کی سپورٹس کاروں سے لے کر زیورات تک ہر چیز کی قیمت کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔
اس اندازے سے وراثت کی رقم سات کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے لے کر لگ بھگ 10 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔ اس رقم کو ارجنٹائن کے ذرائع ابلاغ نے کافی استعمال کیا ہے۔ اس کا حوالہ ذرائع کے بغیر دیا جاتا ہے لیکن یہ اندازہ پہلی بار ایک مقامی صحافی ہولیو چیپیٹا نے استعمال کیا تھا جو میراڈونا کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک رہے ہیں۔
دوسرے اندازے میں میراڈونا کے اثاثہ جات کو ان پر واجب الادا رقم سے منہا کیا جاتا ہے۔
معروف شخصیات کی دولت کا اندازہ لگانے والی ویب سائٹ سلیبریٹی نیٹ ورتھ کے مطابق میراڈونا کی کل مالیت پانچ لاکھ ڈالر تھی۔ ویب سائٹ کے مطابق وہ اس کا اندازہ مالی تجزیے، مارکیٹ میں تحقیق اور اندرونی ذرائع سے لگاتے ہیں۔
میراڈونا کے اثاثوں میں مندرجہ ذیل کچھ چیزیں شامل ہیں:
- ارجنٹائن میں کم از کم پانچ جائیدادیں، جوف کے مطابق ان کی ’بیورلی ہلز میں کوئی رہائش گاہ نہیں‘
- رولز رائلز کی گاڑی ’گھوسٹ‘ جس کی قیمت تین لاکھ 60 ہزار ڈالر ہے اور بی ایم ڈبلیو آئی ایٹ جس کی قیمت ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر ہے
- ان کی ایک قیمتی گاڑی جو پانی میں تیر بھی سکتی ہے۔ یہ انھیں بیلاروس میں تحفے میں دی گئی تھی
- تین لاکھ 60 ہزار ڈالر کی ہیرے کی انگوٹھی
- ایک معاہدہ جس کے تحت ایک ویڈیو گیم کمپنی اپنی گیم میں ان کے جیسا کھلاڑی دکھا سکتی ہے
سلیبریٹی نیٹ ورتھ کے مطابق میراڈونا نے بطور کھلاڑی اور مینیجر اپنی تنخواہ اور اشتہارات سے کروڑوں ڈالر کمائے۔
نیو یارک ٹائمز کی 1990 کی ایک رپورٹ کے مطابق ان کی دولت کا ایک بڑا حصہ اطالوی فٹبال کلب نیپولی کے ساتھ معاہدے سے آیا۔ یہاں وہ 30 لاکھ ڈالر تنخواہ اور 80 لاکھ سے ایک کروڑ کے بیچ اشتہارات کے پیسے لیتے تھے۔
اٹلی نے ہی میراڈونا کو بنایا اور پھر بنا کر توڑ دیا۔ اس نے انھیں ایک ہاتھ سے پیسے دیے اور دوسرے ہاتھ سے واپس لینا چاہے۔ 2005 میں اٹلی کی حکومت نے کہا تھا کہ میراڈونا پر نیپولی کے دنوں سے تین کروڑ 72 لاکھ یورو ٹیکس واجب الادا ہے۔
میراڈونا نے یہ پیسے دینے سے انکار کیا تھا۔ اگر وہ مزید زندہ رہتے تو شاید تب بھی ایسا ہی کرتے۔ جو ٹیکس انھوں نے ادا نہیں کیا وہ آج بھی ان کے واجبات کا ایک بڑا حصہ بنتا ہے۔ اس لیے سلیبریٹی نیٹ ورتھ نے دوسری معروف شخصیات کے مقابلے میراڈونا کی مالیت کو صرف پانچ لاکھ ڈالر ظاہر کیا۔
ایک دوست اور صحافی لوئس وینچرا نے کہا ہے کہ میراڈونا کے اخراجات کے بارے میں سب کو ہی معلوم ہے۔ وہ شاہ خرچ تھے اور اس سے ان کے اثاثوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انھوں نے ایک حالیہ ٹی وی پروگرام میں یہ تک کہہ دیا تھا کہ میراڈونا کی موت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب وہ غریب تھے۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’وہ واقعی غریب تھے۔ انھیں پیسے خرچ کرنا پسند تھا، اور جب کوئی پیسے مانگتا تھا تو وہ دے دیا کرتے تھے۔‘
ان کی وراثت کیسے تقسیم ہوگی؟
اپنی زندگی کے دوران میراڈونا کے اپنے سابقہ پارٹنرز اور بچوں سے لڑائی جگھڑے ہوتے رہے۔ ماضی میں تمام فریقین ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پر اپنے اعتراضات بتاتے رہے۔
میراڈونا کی صحت اور دولت دونوں چیزیں خبروں کی زینت بنتی رہیں۔ مثلاً نومبر 2019 میں میراڈونا نے اس وقت اپنی وراثت کا ذکر کیا جب ان کی بیٹی جیانینا نے سوشل میڈیا پر ان کی خراب صحت کے بارے میں بتایا۔
ایک یوٹیوب ویڈیو میں میراڈونا نے کہا تھا کہ: ’میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ اگر میں کچھ پیچھے چھوڑ کر جاؤں گا تو سب عطیہ کر دوں گا۔‘
ارجنٹائن کے قانون کے مطابق ایک شخص اپنی وصیت میں صرف ایک تہائی دولت پہلے سے تقسیم کرسکتا ہے۔ باقی دولت ان کے بیوی بچوں کو منتقل کی جاتی ہے۔
چونکہ ایسا لگتا ہے کہ موت کے وقت میراڈونا کی کوئی وصیت تھی نہ بیوی، اس لیے ان کی مجموعی دولت تمام بچوں میں برابر بانٹی جائے گی۔
صحافی جوف کا کہنا ہے کہ ’ارجنٹائن کے معاشرے میں اکثر اوقات وصیت نہیں بنائی جاتی۔ کئی لوگ ایسا نہیں کرتے۔‘
بی بی سی نے ان مسائل پر میراڈونا کے وکیل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔
وصیت کے بغیر چیزیں پیچیدہ ہوسکتی ہیں۔
میراڈونا کے تمام ممکنہ وارث، چاہے ان کی تصدیق ہوئی ہے یا نہیں، 25 نومبر کو ان کی موت کے بعد نو دن کے اندر عدالت سے وراثت میں حصے کے لیے رجوع کر سکتے تھے۔ مقامی خبروں کے مطابق میراڈونا کی تیسری بیٹی نے گذشتہ جمعرات کو سب سے پہلے یہ دعویٰ دائر کیا تھا۔
ایک جج پھر فیصلہ کرے گا کہ ’کس کو کتنے پیسے ملیں گے‘۔ اس دوران وارثوں کی فہرست بھی بنائی جائے گی۔ وراثت کے امور کے ماہر سیبسٹیئن لیمرز کہتے ہیں کہ اس کام میں ’کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’ہم یہ توقع نہیں کر سکتے کہ وارثوں کی آپس میں بنے گی بھی یا نہیں۔‘
آخر کار آپ اپنا خاندان خود چُن نہیں سکتے۔ کچھ لوگوں کا یقین ہے کہ اس کا فیصلہ ہینڈ آف گاڈ یعنی خدا کا ہاتھ ہی کرتا ہے۔