سرفراز احمد کو کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، اظہر علی نئے ٹیسٹ، بابر اعظم ٹی 20 کپتان مقرر

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹا کر اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
سرفراز احمد کو ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے بھی ہٹا دیا گیا ہے اور بابر اعظم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی سفارشات کی روشنی میں کیا ہے جو سرفراز احمد کی کپتانی سے خوش دکھائی نہیں دے رہے تھے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی اور خاص کر سرفراز احمد کی عالمی مقابلے میں بیٹنگ میں قابل ذکر کارکردگی نہ ہونے کے بعد سے اس بات کے اشارے مل رہے تھے کہ سرفراز احمد کی کپتانی خطرے میں ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگرچہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز دو صفر سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی تھی تاہم سری لنکا کی نوجوان ٹیم کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین صفر کی ہزیمت کے بعد سرفراز احمد کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا تھا۔
سرفراز احمد کو فیصل آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا لیکن انھوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ہی کپتانی چھوڑ دی تھی جس کے بعد یہ ذمہ داری اسد شفیق کے سپرد کر دی گئی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سرفراز احمد کا کپتان کی حیثیت سے ریکارڈ
سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں۔ انھوں نے 37 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے جن میں سے 29 جیتے اور صرف آٹھ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کے برعکس ٹیسٹ اور ون ڈے میں سرفراز احمد کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بحیثیت کپتان 13 ٹیسٹ میچوں میں صرف چار ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب ہو سکے اور آٹھ میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ ڈرا ہوا۔
سرفراز احمد نے 50 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کی جن میں سے 28 جیتے، 20 میں شکست ہوئی ہے جبکہ دو میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے۔
کپتانی کے دور میں سرفراز احمد کی اپنی بیٹنگ متاثر ہوئی ہے۔ ورلڈ کپ میں وہ صرف ایک نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہو سکے تھے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ سیریز میں انھوں نے دو نصف سنچریاں بنائیں لیکن تین اننگز میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جن میں سنچورین ٹیسٹ میں پیئر بھی شامل تھا۔
سرفراز احمد پر سب سے بڑا اعتراض یہ کیا جاتا رہا ہے کہ وہ اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنے سے گریز کرتے رہے ہیں۔

سرفراز احمد کے انٹرنیشنل کریئر پر ایک نظر
- سنہ 2007 میں اپنے انٹرنیشنل کرئیر کا آغاز کرنے والے 32 سالہ سرفراز احمد کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے ہے۔
- سرفراز نے اپنے کرئیر میں اب تک 188 ٹی ٹوئنٹی، 116 ون ڈے اور 49 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔
- سرفراز احمد کو سنہ 2016 میں انڈیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی دی گئی۔
- سنہ 2017 میں انھیں ون ڈے جبکہ اسی سال مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد انھیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپ دی گئی۔
- سرفراز کی کپتانی میں ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے سنہ 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی جیتی۔
- سنہ 2018 میں انھیں پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کرکٹر ہیں۔

اظہرعلی کیسے کپتان ثابت ہوں گے؟
اظہرعلی کا شمار اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بیٹسمین کے طور پر ہوتا ہے تاہم گذشتہ دو سال سے وہ ٹیسٹ میچوں میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔
یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد اظہرعلی 25 ٹیسٹ اننگز میں صرف ایک سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ سیریز میں دو بار صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ اس سیریز میں ان کا سب سے بڑا سکور 36 رنز تھا۔
اظہر علی کا کپتانی کا انداز دفاعی رہا ہے ۔وہ اس سے قبل صرف ایک ٹیسٹ میں کپتانی کر چکے ہیں جس میں پاکستانی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بابراعظم کے لیے قیادت نیا تجربہ
بابر اعظم کو حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے نائب کپتان مقرر کیا تھا جو اس جانب اشارہ تھا کہ انھیں جلد ہی قیادت کی ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔
بابر اعظم نہ صرف آسٹریلیا کے دورے میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی بار قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے بلکہ آئندہ سال آسٹریلیا ہی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔
بابر اعظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک بیٹسمین ہیں۔













