آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کرکٹ ورلڈ کپ 2019: بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دے دی
انگلینڈ اور ویلز میں جاری 12ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے 31ویں میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دے دی ہے۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو مقررہ 50 اوورز میں جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا تاہم افغانستان کی پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب الحسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے اپنے دس اوورز میں 29 رنز دے کر پانچ بلے بازوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔ بلے بازی میں بھی شکیب الحسن کی کارکردگی بہتر رہی اور انھوں نے 51 رنز بنائے تھے۔
شکیب کی آل راؤنڈ پرفارمنس پر انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
بنگلہ دیش کی جانب دیے گئے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا تاہم 49 کے مجموعی سکور پر افغان اوپنر رحمت شاہ 24 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد حشمت اللہ شاہدی 11 رنز بنا کر مصدق حسین کی گیند پر مشفیق الرحیم کے ہاتھوں سٹمپ ہوئے۔
افغانستان کے کپتان اور اوپنگ بلے باز گلبدین نائب بھی 47 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد نبی تھے جنھیں شکیب الحسن نے بولڈ کیا۔
پوری اننگز کے دوران افغانستان کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور بلے باز ایک بھی بڑی پارٹنر شپ قائم کرنے میں ناکام رہے۔
پانچوین آؤٹ ہونے والے بلے باز اصغر افغان تھے جو صرف 20 رنز بنا کر شکیب الحسن کا شکار بنے۔
افغانستان کے اکرام علی خیل چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو گیارہ رنز پر رن آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ساتویں کھلاڑی نجیب اللہ کو وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے شکیب الحسن کی گیند پر سٹمپ کیا۔ انھوں نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
آٹھویں آؤٹ ہونے والے راشد خان دو رنز بنا کر جبکہ دولت زادران آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے جو مصتفیض الرحمان کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مجیب الرحمان تھے جنھیں محمد سیف الدین نے آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کی اننگز
بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 262 رنز بنائے اور ان کے سات کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیشی بلے بازوں نے 5.2 رنز فی اوور کی اوسط سے مجموعی سکور بنایا۔
بنگلہ دیش کی طرف سے مشفیق الرحیم نے 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پیچ کی چاروں جانب دلکش سٹروکس لگائے۔ انھیں افغان بولر دولت زادران نے کیچ آوٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے دوسرے کامیاب بلے باز شکیب الحسن رہے جنھوں نے 69 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ انھیں افغان بولر مجیب الرحمان نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
بنگلہ دیش کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی مصدق حسین تھے جنھوں نے 35 رنز بنائے اور گلبدین نائب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے۔ پانچویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی محموداللہ 27رنز بنا کر گلبدین نائب کا شکار بنے۔ بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ 151 کے مجموعی سکور پر گری جب سومیا سرکار تین رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔
اس سے قبل تمیم اقبال 36 رنز بنا کر غلام نبی کے گیند پر بولڈ ہوئے۔ انھوں نے 53 گیندوں کا سامنا کیا۔ بنگلہ دیش کے پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی لٹن داس تھے جو مجیب الرحمان کی گیند پر 16 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔
افغانستان کے سب سے کامیاب بولر مجیب الرحمان رہے جنھوں نے دس اوورز میں 39 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انھوں نے اوپنگ بلے باز لٹن داس سمیت شکیب الحسن اور سومیا سرکار کو اپنا شکار بنایا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ساؤتھمپٹن میں کھیلا جا رہا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ یہ دونوں ورلڈ کپ کے کسی میچ میں مدِمقابل ہیں۔
آج کے میچ میں افغانستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں آفتاب عالم اور حضرت اللہ زازئی کی جگہ دولت زادران اور سمیع اللہ شنواری کو کھلایا گیا ہے۔ سمیع اللہ شنواری اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔
اسی طرح بنگلہ دیش کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، روبیل حسین اور شبیر رحمان کی جگہ مصدق حسین اور محمد سیف الدین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
افغانستان کی ٹیم تاحال اس ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح کی تلاش میں ہے جبکہ بنگلہ دیش نے اپنے سات میچوں میں سے تیں میں فتح حاصل کی ہے۔
اس میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش سات پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ افغانستان کا نمبر آخری ہے۔
کسی بھی میچ میں کامیابی حاصل نہ کرنے کے باوجود افغان ٹیم نے اپنی کارکردگی سے مبصرین اور شائقین دونوں کو متاثر کیا ہے۔
22 جون کو انڈیا کے خلاف میچ میں افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس میچ میں افغان بولرز نے انڈیا کو 224 رنز تک محدود کیا تھا اور پھر آخری اوور میں محمد شامی کی ہیٹرک کی وجہ سے اسے شکست ہوئی۔
بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور آل راؤنڈر شکیب الحسن اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔
ماضی میں یہ دونوں ٹیمیں گذشتہ برس ایشیا کپ میں مدمقابل آ چکی ہیں جس میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو سخت مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دی تھی۔
اس میچ میں افغانستان کی ٹیم میں کپتان گلبدین نائب، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، اصغر افغان، محمد نبی، نجیب اللہ زادران، دولت زادران، اکرام علی خیل، مجیب الرحمان، راشد خان اور سمیع اللہ شنواری شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی نمائندگی کپتان مشرف مرتضیٰ، ابو جید، لٹن داس، محمود اللہ، مہدی حسن، محمد سیف الدین، مصدق حسین، مشفیق الرحیم، مصتفیض الرحمان، شکیب الحسن، سومیا سرکار اور تمیم اقبال کر رہے تھے۔